پشاور، پولیس وردی میں ڈکیتیاں کرنیوالاگروہ گرفتار، سنسنی خیز انکشافات

پشاور:کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے سرکاری وردی میں ڈکیتیاں کرنیوالے 4 رکنی گروہ کو گرفتار کرلیا جن کے قبضے سے پیش امام کے گھر سے لوٹی کی لاکھوں کی ملکی و غیر ملکی کرنسی ٗ طلائی زیورات ٗ موبائل فون ٗ واردات میں استعمال ہونیوالی وردی اور اسلحہ برآمد کرلیا۔

 گرفتار ملزموں نے سرچ آپریشن کے نام پر گھر میں گھس کر ڈکیتی کی واردات کی تھی گرفتار ملزموں نے ابتدائی تفتیش کے دوران سنسنی خیز انکشافات کئے ہیں۔


 اس ضمن میں گزشتہ روز ایس پی صدر ڈویژن وقار احمد نے ڈی ایس پی ریاض خلیل اور ایس ایچ او سربند امتیاز عالم کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایاکہ 9 فروری کو قاری عابد سکنہ اچینی کراس نہر کے گھر میں سرکاری وردی میں ملبوس ڈکیت گروہ نے واردات کے دوران 7 لاکھ پاکستانی ٗ 900 سعوی ریال ٗ سونے کی انگوٹھی اور موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے۔

 جس کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او پشاور عباس احسن کی ہدایت پر ایس ایس پی اپریشنز یاسر آفریدی کی نگرانی میں ایس پی صدر ڈویژن وقار احمد پر مشتمل خصوصی ٹیم نے سائنسی خطوط پر تفتیش کرتے ہوئے چار رکنی گروہ محمد عمیر ولد نثار محمد، نعمان ولد یوسف علی ساکنان سربند، فضل رحمان ولد نذرے سکنہ سوات اور مجاہد ولد رفیق سکنہ خزانہ کو گرفتار کر لیا۔

 گرفتار ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران اپنے جرم کا اعتراف کرلیا ہے جن کے قبضے سے مسروقہ رقم 7 لاکھ روپے، 900 سعودی ریال، ایک عدد طلائی انگوٹھی، ایک موبائل فون، واردات میں استعمال ہونے والی وردی اور تین عدد پستول بھی برآمد کرلئے گئے گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے جس کے دوران ان سے مزید اہم انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے۔

جیل میں پلاننگ 

 سرکاری وردی میں ڈکیتیاں کرنیوالے گروہ نے نوشہرہ جیل میں قاری کے گھر میں ڈکیتی کا منصوبہ بنایا تھا۔

 گروہ کے سرغنہ نعمان نے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ وہ نوشہرہ جیل میں تھے کہ اس دوران قاری عابد کے قریبی ہمسائے عمیر نے ان کے ساتھ ملکر ڈکیتی کا منصوبہ بنایا اور پھر جب ضمانت پر رہا ہوئے تو اسی منصوبہ بندی کے تحت رنگ روڈ پر جمع ہوئے اور وردیاں پہن کرعمیر کی نشاندہی پر قاری عابد کے گھر میں گھس کر واردات کی۔

 گروہ کے مطابق واردات کے بعد ہر ایک کو ایک ٗ ایک لاکھ روپے ملے تھے۔

 ایس پی صدر ڈویژن وقار احمد نے بتایاہے کہ ڈکیت گروہ قاری عابد کے گھرسے مدرسہ کا چندہ لوٹ کر فرار ہوئے۔

 ابتدائی بیان میں قاری عابد نے بتایاکہ عمرے کیلئے ایک ایک پائی جمع کی تھی لیکن ظالموں نے لوٹ لی تھی۔

 انہوں نے پشاور پولیس کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے آئی جی خیبرپختونخوا نے مذکورہ افسران و اہلکاروں کو انعامات دینے کامطالبہ کیا ہے۔