ملک بھر میں گزشتہ دن کرونا وائرس سےمزید 42 اموات رپورٹ ہوئیں جبکہ ایک ہزار 163 افراد میں کورونا کی تشخیص ہونے سے ملک میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 22 ہزار سے زائد ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 31 ہزار 948 کورونا ٹیسٹ کئے گئے، جن میں سے ایک ہزار 163 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ،جس کے بعد ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 22 ہزار184 ہوگئی ہے، جن میں سے ایک ہزار 529 کی حالت تشویشناک ہے۔
سرکاری اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 42 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 12 ہزار 938 ہوگئی۔
این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں اب تک مجموعی طور پر کورونا کے مصدقہ متاثرہ افراد کی تعداد 5 لاکھ 82 ہزار 528 ہو گئی ہے جبکہ ملک بھر میں صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 47 ہزار 406 ہوگئی ہے۔