آج انسان اس بات کا اندازہ ہی نہیں کرپاتا کہ وہ دن بھر میں کتنا وقت بیٹھ کر گزارتا ہے۔ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے بڑھتے استعمال نےلوگوں کے بیٹھنے کے دورانیے میں اضافہ کردیا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق دفتروں میں کام کرنے والے افراد (ڈیسک ورکرز) کی زیادہ تر تعداد 10گھنٹے بیٹھ کر گزارتی ہے، جس کے سبب ان کے پاس جسمانی سرگرمیوں کے لیے وقت نہیں بچ پاتا۔جسمانی سرگرمیوں کی کمی جہاں انسان کے متحرک رہنے پر اثر انداز ہوتی ہے، وہیں اس کی صحت پر بھی۔ تاہم بیٹھ کر وقت گزارنے کا نقصان صرف جسمانی سرگرمیوں کی کمی کی صورت ہی نہیں نکلتا بلکہ صحت کے مختلف مسائل کا سبب بھی بنتا ہے۔ ماہرین زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنے کو بہت زیادہ چینی اور سگریٹ کے استعمال جتنا ہی خطرناک گردانتے ہیں۔ اگر آپ کے دن کا بھی بیشتر حصہ بیٹھ کر گزرتا ہے تو ان مسائل سے متعلق آگاہی آپ کے لیے بے حد ضروری ہے ۔
اس لیے اگر آپ ایسی ملازمت کررہے ہیں جس میں زیادہ وقت بیٹھ کر گزرتا ہے، تو آپ کے لیے ضروری ہے کہ ہر آدھے گھنٹے بعد اٹھ کر چند قدم چلیں۔ آپ کی یہ سرگرمی دل کی صحت کو بہتر بنانے کے ساتھ دیگر خطرات بھی کم کرے گی۔
دل کی صحت کیلئے نقصان دہ
سائنسدانوں کی جانب سے دو گروپس، جن میں ایک ڈرائیورز (جو سارا وقت بیٹھ کر گزارتے ہیں) کے گروپ جبکہ دوسرے کنڈیکٹرز اورسیکیورٹی گارڈز کے گروپ پر کیے گئے سروے نتائج میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ جو افراد دن کا زائد وقت بیٹھ کر گزارتے ہیں، ان میںمختلف لائف اسٹائل اور ڈائٹ روٹین کے باوجود دوسرے گروپ کی نسبت دل کے امراض کی شرح زیادہ پائی جاتی ہے۔محققین کا کہنا ہے کہ بیٹھ کر وقت گزارنا بے چینی اور چربی کو ہضم کرنے کے عمل پر مضر اثرات مرتب کرتا ہے، جس سے امراض قلب کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
کمر اور ہڈیوں میں درد کا سبب
بیٹھنے کا انداز آپ کے مسلز، گردن اور ریڑھ کی ہڈی پر دباؤ کا سبب بنتا ہے، جو آپ کی صحت کے لیے بے حد خطرناک ہے ۔کام کے لیے ایسی کرسی کا انتخاب کریں، جس کی اونچائی اور ساخت آپ کے لیے زیادہ سے زیادہ آرام دہ ہو۔ تاہم اس کے باوجود بھی چلنے پھرنے اور جسم کو حرکت دینے کا خاص خیال رکھیں۔ برٹش جرنل آف سپورٹس میڈیسن میں شائع ایک تحقیق کے مطابق 9سے 10 گھنٹے یا اس سے زائد وقت بیٹھ کر گزارنے والے افراد میں کمر درد کا خطرہ بہت زیادہ ہوتا ہے۔ محققین نے مشورہ دیا ہے کہ دن بھر میں کم از کم2گھنٹے کھڑے ہو کر گزارنا کمر درد کی تکلیف سے بچاسکتا ہے۔
وزن میں اضافہ
زیادہ وقت ٹی وی دیکھنا، کمپیوٹر پر وقت گزارنابھی آپ کے وزن میں اضافہ کا سبب بن جاتا ہے۔ پھر چاہے آپ کتنی ہی ورزش کیوں نہ کرلیں، زیادہ دیر تک بیٹھے رہنے سے آپ کو وزن گھٹانے میں مشکل ہوگی۔ اگر آپ ورزش کرتےہیں تو یہ ایک بہترین سرگرمی ہے لیکن اس سرگرمی کے فوائد کو زیادہ وقت بیٹھ کر نقصان نہ بننے دیں۔ ورزش کے علاوہ دن کے دوسرے اوقات میں جسم کو حرکت دیتے رہنا بھی خون میں موجود گلوکوز کو استعمال کر کے انسان کو صحت مند رکھتا ہے۔
موت کا خطرہ بڑھ جانا
جی ہاں! زیادہ دیر بیٹھنے سے موت کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔ امریکا کی معروف یونیورسٹی نے زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنے کے نقصانات پر کی گئی تحقیق میں40سال سے زائد عمر کے لگ بھگ8000افراد کا جائزہ لیا۔ نتائج سے معلوم ہوا کہ جو لوگ گھنٹوں ایک جگہ بیٹھے رہتے ہیں اور ہلتے تک نہیں، ان میں موت کا خطرہ دیگر افراد کے مقابلے میں دوگنا زیادہ ہوتا ہے۔ محققین اس نتیجے پر پہنچے کہ دن بھر میں 9سے 10گھنٹے بیٹھ کر گزارنے سے خون کی شریانوں سے متعلق مسائل پیدا ہوتے ہیں، جو موت کا خطرہ بڑھاتے ہیں۔
شوگر لیول کا بڑھ جانا
دن کا زائد حصہ بیٹھ کر گزارنے کے نتیجے میں کیلوریز کی کم تعداد زائل ہوتی ہے جس کے سبب ماہرین زیادہ دیر بیٹھ کر وقت گزارنے کی عادت کو جسم میںموجود ایک اہم ہارمون انسولین سے منسلک کرتے ہیں۔انسولین ایک ایسا ہارمون ہے، جو آپ کے خُلیات کو توانائی کے لیے گلوکوز فراہم کرنے میں مدد دیتا ہےاور جب انسانی جسم انسولین نہیں بنا پاتا تو اس مرض کو ذیابطیس کہا جاتا ہے۔طبی ماہرین کی رائے ہے کہ ہر وہ گھنٹہ جو بیٹھ کر گزارا جائے ذیابطیس ٹائپ ٹو کا خطرہ22فیصد تک بڑھا دیتا ہے۔
انزائٹی اور ڈپریشن
زیادہ دیر بیٹھنا انسان کی ذہنی صحت پر بھی اثر اندازہوتا ہے۔ اس کی وجہ سے ڈپریشن یا انزائٹی بھی ہوسکتی ہےکیونکہ زیادہ دیر بیٹھ کر وقت گزارنےوالے افراد صحتمند اور مزاج کو تبدیل کرنے والی ایکسرسائز سے دور ہوجاتے ہیں۔ یہی نہیں، ایسے افراد سورج کی روشنی سے دور اور سماجی تعلقات میں کشیدگی کا سامنا بھی کرتے ہیں۔ یہ سب مسائل انسان کے لیے تنہائی اور ڈپریشن جیسے مرض کا سبب بن سکتے ہیں۔
کینسر کی وجہ
زیادہ دیر تک بیٹھے رہنے سے کینسر کی ان اقسام کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، جن کا تعلق آپ کے وزن یا میٹابولک فنکشن سے ہے۔ ان میں چھاتی کا کینسر،بڑی آنت کا کینسر اور رحم کی اندرونی جھلی کا کینسرشامل ہے۔ دوسری جانب ماہرین کا کہنا ہے کہ زیادہ دیر بیٹھے رہنے سے بڑی عمر کی خواتین میں چھاتی کے کینسر کے امکانات کا خطرہ ان خواتین کی نسبت دگنا پایا جاتا ہے، جو زیادہ دیر نہیں بیٹھتیں۔
ڈیمینشیا کے امکانا ت میں اضافہ
ایک رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں ہر 3 سیکنڈ میں ڈیمینشیا کے ایک مر یض کا اضافہ ہورہا ہے ۔اس تعدا د میں اضافہ کی ایک وجہ زیادہ دیر بیٹھنا بھی ہے۔ ماہرین کے مطابق زیادہ دیر بیٹھنا انسان میں دماغی بیماری ڈیمینشیا کے خطرات میں اضافہ کردیتاہے۔ زیادہ دیر بیٹھنا انسان میں امراض قلب، ذیابطیس ،اسٹروکس اور کولیسٹرول میںاضافے کا خدشہ بڑھا دیتے ہیں ۔یہ تمام تر کیفیات اس بیماری کے امکانات بڑھانے سے منسلک کی جاتی ہیں۔