ملک میں کورونا کیسز کی تعداد میں ایک مرتبہ پھر اضافہ دیکھا جارہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید ایک ہزار 579 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے، جبکہ مہلک وائرس سے مزید 52 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 37 ہزار 998 کورونا ٹیسٹ کئے گئے، جن میں سے ایک ہزار 579 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ،جس کے بعد ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 17 ہزارسے زائد ہوگئی ہے، جن میں سے ایک ہزارسے زائد کی حالت تشویشناک ہے۔
سرکاری اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 52 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 13 ہزار 128 ہوگئی۔
این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں اب تک مجموعی طور پر کورونا کے مصدقہ متاثرہ افراد کی تعداد 5 لاکھ 87 ہزار 14 ہو گئی ہے جبکہ ملک بھر میں صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 56 ہزار 769 ہوگئی ہے۔