پشاور:چینی کمپنی سٹیل نے رشکئی سپیشل اکنامک زون خیبرپختونخوامیں سنچری سٹیل انڈسٹری لگانے کافیصلہ کیا ہے۔
اس سلسلے میں مذکورہ چینی کمپنی نے پلانٹ اور مشینری لانے کے لئے حکومت پاکستان سے اجازت طلب کی ہے۔
یہ بات وفاقی وزیر برائے منصو بہ بندی و ترقیات کی زیر صدار ت ہونیوالے رشکئی سپیشل اکنامک زون میں ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس کو بتائی گئی۔
اجلاس کے جاری ہونیوالے منٹس کے مطابق اجلاس کو بتایاگیا کہ چینی کمپنی سنچری نے رشکئی سپیشل اکنامک زون سٹیل ملز لگانے کا فیصلہ کیا ہے جس کی پیداوار اس سال دسمبر تک شروع ہونے کا امکان ہے جس کے لئے کمپنی کو اس مقصد کے لئے پچاس میگاوات بجلی درکارہوگی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ چینی کمپنی نے مزید درخواست کی ہے کہ سٹیل ملز لگانے کیلئے انہیں پلانٹ اور مشینری رشکئی سپیشل اکنامک زور امپورٹ کرنے کے لئے سٹیٹ بنک سے اجازت فراہم کی جائے۔
اجلاس میں وزیر برائے منصوبہ بندی نے متعلقہ حکام کوہدایت کی کہ سٹیٹ بنک کے ڈپٹی گورنر سے رابطہ کرکے مذکورہ کمپنی کو سہولت فراہم کی جائے۔
اجلاس میں خیبرپختونخوا اکنامک زون ڈویلپمنٹ منیجمنٹ کمیٹی اور پاور ڈویژن کو ہدایت کی کہ وہ مذکورہ سنچری سٹیل کمپنی کے انجینئرز کے لئے فیلڈ ویزٹ کا انتظام کرنے کے علاوہ ان کی فیکٹری کیلئے بجلی کی بروقت فراہمی یقینی بنایا جائے۔