اسلام آباد: وزارت خزانہ نے نیا چیئرمین ایف بی آر تعینات کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
وزیراعظم نے چیئرمین ایف بی آر جاوید غنی کی مدت ملازمت میں توسیع کی سمری منظور نہیں کی، نئے چیئرمین کیلئے مختلف ناموں پر غور کیا جارہا ہے۔
ذرائع کے حوالے سے میڈیارپورٹس کے مطابق وزارت خزانہ نے چیئرمین ایف بی آر کیلئے مزید تین نئے ناموں پر غور شروع کردیا ہے۔
ممبران لینڈ ریونیو آپریشن ڈاکٹر اشفاق کا نام چیئرمین ایف بی آر کیلئے زیرغور ہے۔ ڈی جی کسٹم انٹیلی جنس اور کسٹم کی خاتون افسر کا نام بھی زیرغور ہے۔
بتایا گیا ہے کہ وزارت خزانہ نے جاوید غنی کی مدت ملازمت میں توسیع کی سمری وزیراعظم کو بھجوائی تھی۔
مدت ملازمت میں توسیع کی سمری وزیراعظم نے تاحال منظور نہیں کی۔
دوسری جانب اگر موجودہ چیئرمین ایف بی آر کی کارکردگی بھی ٹھیک جارہی ہے، گزشتہ دنوں وزیر اعظم نے ٹویٹر پر ایف بی آر کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ مارچ 21 میں 460 ارب کی وصولیوں کیساتھ 41 فیصد کی تاریخی نمو حاصل کرنے پر میں ایف بی آر کی کاوشیں سراہتا ہوں۔
جولائی2020 سے مارچ 2021 کے دوران ہماری وصولیاں 3380 ارب کی سطح تک پہنچیں جو گزشتہ برس کے اسی دورانیے سے 10 فیصد زیادہ ہیں۔ حکومتی پالیسیوں کے نتیجے میں ملنے والی وسیع البنیاد معاشی بحالی کے یہ واضح آثار ہیں۔ تاہم اب نئے وزیرخزانہ حماد اظہر آگئے ہیں۔
اس لیے حفیظ شیخ کے دور میں تعینات کیے لوگوں کو شاید مزید توسیع نہ دی جائے، حکومت چاہتی ہے معیشت کو مستحکم کرنے اور مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے ایک اقتصادی کمیٹی بھی تشکیل دی جائے۔
کمیٹی میں سابق وزیرخزانہ شوکت ترین سمیت اہم لوگوں کو شامل کیا جائے گا۔ جن کا معاشی امور پر وسیع تجربہ ہوگا۔