پشاور:خیبر پختونخوا حکومت نے ایک اور شاندار قدم اٹھاتے ہوئے خدمات پر سیلز ٹیکس کی آن لائن ادائیگی شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جس سے تاجر برادری کو ماہانہ یا سالانہ بنیادوں پر واجب الادا ٹیکس جمع کرانے کیلئے سرکاری اداروں یا دفاتر جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی بلکہ وہ آن لائن ہی ادائیگی کر سکیں گے۔
اس سلسلے میں حکومت خیبر پختونخوا، سٹیٹ بینک اور ون لنک کے مابین پشاور میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے۔
اس موقع پر صوبائی وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم اور ترجمان صوبائی حکومت کامران خان بنگش، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز، سیکریٹری خزانہ عاطف رحمان، ایڈیشنل سیکرٹری سفیر احمد، ڈی جی خیبرپختونخوا ریونیو اتھارٹی فیاض علی شاہ، سٹیٹ بینک اور ون لنک کے اعلیٰ عہدیداروں سمیت دیگر حکام موجود تھے۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا کا کہنا تھا کہ آن لائن پورٹل سے تاجر برادری کیلئے ٹیکسز جمع کرانے میں آسانی ہوگی اور یہ اقدام ہماری ڈیجیٹلائزیشن اور کاروبار میں آسانی کی پالیسی کی ایک کڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس آن لائن سروس سے تاجروں سمیت کسی کو بھی خدمات پر سیلز ٹیکس جمع کرانے کے لیے سرکاری اداروں اور دفاتر میں جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ جس سے نہ صرف ان کے مسائل کم ہوں گے بلکہ نظام میں بھی مزید شفافیت آئے گی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران خان بنگش نے کہا کہ صوبے میں مکمل لاک ڈاؤن کا آپشن بالکل آخری آپشن ہو گا۔ حکومت چاہتی ہے کہ غریب کا چولہا جلانے کے لیے صوبے میں اقتصادی سرگرمیاں ایس او پیز کے ساتھ جاری رہنی چاہیں۔
انہوں نے کہا کہ 2 دن بین الاضلاعی پبلک ٹرانسپورٹ بند ہونے، دفاتر میں 50 فیصد حاضری اور اسکولوں کی بندش سمیت صوبائی حکومت کے دیگر حفاظتی اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔