بیجنگ: چین امریکا کے بعد مریخ پر پہنچنے والا دوسرا ملک بن گیا ہے، چین کا خلائی مشن کامیابی سے مریخ پر لینڈ کر گیا۔
تفصیلات کے مطابق چینی میڈیا نے خبر دی ہے کہ چین کی بغیر انسان والی خلائی گاڑی نے مریخ پر کامیاب لینڈنگ کی ہے، جس کے بعد چین مریخ پر پہنچنے والا دنیا کا دوسرا ملک بن گیا۔
چینی میڈیا کے مطابق چینی تحقیقاتی خلائی گاڑی مریخ کی سطح پر حالات کا جائزہ لے گی، مریخ کی سطح کے نیچے پانی اور زندگی کے امکانات تلاش کیے جائیں گے۔
یاد رہے کہ چین نے جولائی میں اپنے اس مشن کو مریخ پر روانہ کیا تھا، تیان وین یکم کا تحقیقاتی مشن 4 حصوں پر مشتمل ہے جس میں تحقیقاتی گاڑی سمیت دیگر سائنسی آلات بھی ہیں جو سرخ سیارے پر ممکنہ انسانی آبادی سے متعلق تحقیقات کر کے معلومات جمع کریں گے۔
چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ژنہوا کے مطابق یہ زھورونگ (Zhurong) نامی روور (خلائی گاڑی) آگ کے چینی اساطیری دیوتا کے نام سے منسوب کی گئی ہے، جو ہفتے کی صبح مریخ کے پہلے سے منتخب شدہ علاقے یوٹوپیا پلانیٹیا میں پر اتری۔