نیویارک: امریکا کی ٹیکنالوجی کمپنی ٹیسلا اور اسیپس ایکس کے بانی سربراہ ایلن ماسک نے ڈیجیٹل کرنسی کو ماحولیات کے لیے نقصان دہ قرار دیا تو کرپٹو کرنسی کی قیمت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔
ایلن مسک نے سماجی رابطے اور مائیکربلاگنگ پلیٹ فارم ٹویٹر پر کرپٹو کرنسی بٹ کوائن کی روک تھام اور اس کی پیداوار سے ماحول پر پڑنے والے اثرات کے حوالے سے اپنے خدشات کا اظہار کیا۔
انہوں نے کرپٹو کرنسی کو ماحولیات کے لیے نقصان دہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’بٹ کوائن کی مائننگ میں تیزی سے بڑھتے ہوئے فوسل اور فیولز کے استعمال پر خدشات ہیں‘۔
انہوں نے لکھا کہ ’بٹ کوائن کی تیاری میں کوئلہ بھی استعمال کیا جارہا ہے، جو کسی بھی ایندھن کے مقابلے میں ہمارے کرہ ارض پر برے اثرات چھوڑ رہا ہے‘۔
ایلن مسک نے لکھا کہ ’کرپٹو کرنسی اچھا خیال ضرور ہے مگر اسے ماحول کے حساب سے نہیں چالایا جاسکتا کیونکہ اس کے استعمال یا پیداوار میں اضافے کی وجہ سے ماحول پر برے اثرات مرتب ہوں گے‘۔
انہوں نے ساتھ میں یہ بھی اعلان کیا کہ ’ٹیسلا کمپنی نے حال ہی میں جو بٹ کوائن خریدے انہیں اُس وقت تک فروخت نہیں کیا جائے گا جب تک یہ ماحول دوست طریقے پر تیار نہیں کیے جائیں گے‘۔
ایلن مسک نے ایک بار پھر واضح اعلان کیا کہ کوئی بھی صارف بٹ کوائن ادا کر کے ٹیسلا کی گاڑی نہیں خرید سکتا۔ دوسری جانب ایلن مسک کی ٹوئٹ کے بعد کیپ مارکیٹ میں بٹ کوائن سمیت تقریبا تمام ڈیجیٹل کرنسی کے حصص میں بڑی کمی آئی ہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بٹ کوائن کی قیمت 10 فیصد سے زیادہ کمی ہوئی جبکہ مزید کمی کا امکان بھی ظاہر کیا جارہا ہے۔