دنیا کے امیر ترین شخص اور ایمازون کے مالک جیف بیزوس نے بھائی کے ساتھ خلا کے سفر کا اعلان کردیا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جیف بیزوس نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں بھائی کے ہمراہ خلا میں جانے کا اعلان کیا اور کہا کہ 20 جولائی کو بھائی کے ہمراہ سفر کا آغاز کروں گا۔
جیف بیزوس ایرو اسپیس کمپنی بلیو اوریجن کے مالک ہیں اور ان کی یہ پرواز ایمازون کی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہونے کے دو ہفتوں بعد اڑان بھرے گی۔
بلیو اوریجن کمپنی کی جانب سے خلا تک یہ پہلی انسانی فلائٹ ہوگی جبکہ اس سے قبل پروفیشنل خلا باز ہی مدار تک جاسکیں ہیں۔
بلیو اوریجن کے کیپسول میں جیف بیزوس کے ساتھ خلا میں جانے کے لیے سیٹ کی آن لائن نیلامی جاری ہے۔
نیلامی میں سیٹ کی بولی 28 لاکھ ڈالرز تک پہنچ چکی ہے جبکہ پہلی انسانی فلائٹ میں جیف بیزوس کے بھی جانے کے اعلان کے بعد بولی میں اضافہ ہوگیا ہے تاہم حتمی نیلامی کا اعلان 12 جون کو ہوگا۔
واضح رہے کہ بلیو اوریجن کی جانب سے خلا کی سیاحت کے لیے ڈیزائن کردہ کیپسول میں 6 افراد کے سفر کی گنجائش موجود ہے جبکہ اس کی آزمائشی پرواز بھی رواں سال اپریل میں ہوئی تھی۔