ٹک ٹاک اور وی چیٹ پر پابند ی ختم

واشنگٹن: امریکی صدر نے چینی ایپس ٹک ٹاک اور وی چیٹ کے خلاف حکم نامے واپس لے لیے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق وائٹ ہاؤس کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن نے چینی ایپس کے خلاف ٹرمپ انتظامیہ کے حکم نامے واپس لے لیے۔

وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ وہ چین سے منسلک ساف ویئر ایپلیکیشنز کا جائزہ لیں گے اور قومی سلامتی کے خدشات کی نشاندہی کریں گے۔

نئے ایگزیکٹیو آرڈر میں امریکہ کے محکمہ تجارت کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ چینی ایپس کا تجزیہ کریں۔

 حکام کو خاص طور پر ایسی ایپس کے بارے میں تشویش لاحق ہے جو صارفین کا ذاتی ڈیٹا اکٹھا کرتی ہیں۔

واضح رہے کہ امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ برس 2 مختلف ایگزیکٹیو آرڈرز کے ذریعے وی چیٹ اور ٹک ٹاک کو بند کرنے کے احکامات جاری کیے تھے۔

خیال رہے کہ ٹِک ٹاک کے خلاف یہ اقدام ٹرمپ انتظامیہ اور چینی حکومت کے تنازعات کے عروج پر کیا گیا تھا جس میں تجارتی رسہ کشی کے علاوہ بیجنگ کی جانب سے کورونا کا پھیلاؤ روکنے جیسے متعدد امور شامل تھے۔

ٹِک ٹاک نے ان الزامات کی تردید کی تھی کہ اسے چینی حکام کنٹرول کرتے ہیں یا اس کا ڈیٹا چینی حکومت کے ساتھ شیئر کیا جاتا ہے۔