صرف 28گھنٹوں میں 10منزلہ عمارت کی تعمیر

بیجنگ: چین میں صرف 28 گھنٹوں میں ایک دس منزلہ رہائشی عمارت کھڑی کردی گئی جس کی ویڈیو تیزی سے وائرل ہورہی ہے۔ 

یہ واضح یاد رہے کہ عمارت کے کمرے اور گوشے پہلے سے ہی ایک بہت بڑے کارخانے میں ڈھالے جاتے ہیں اور انہیں ٹرکوں پر رکھ کرعمارت کے مقام تک لے جایا جاتا ہے۔

 وہاں تمام گوشوں کو ایک جگہ جمع کرکے نٹ اور بولٹس سے جوڑا جاتا ہے۔ چینی کمپنی براڈ گروپ اس کام میں ماہر ہے جس نے یہ نیا کارنامہ انجام دیا ہے۔ 

اس سے قبل براڈ گروپ کئی ہسپتال، ہوٹل اور گھر بناچکی ہے براڈ گروپ کے ترجمان کے مطابق عمارت کے تمام حصوں کو ایک جگہ پہنچایا گیا جہاں کرینوں اور مزدوروں کی مدد سے 28 گھنٹوں اور 45 منٹ میں پوری عمارت اسمبل کی گئی ہے۔

 یہ کام گاڑیوں کے کارخانے جیسا ہے جس میں اسمبلی لائن پر تمام پرزے اور آلات جمع کرکے آخرکار گاڑی تیار ہوجاتی ہے۔  اس میں بلڈنگ کا ہر حصہ، مثلا بالکنی، غسل خانے اور کمرے وغیرہ یکساں جسامت کے بنائے گئے ہیں جنہیں ماڈیول کہا جاسکتا ہے۔

 انہیں فولڈ کرکے ٹرکوں میں رکھا جاتا ہے اور مطلوبہ مقام تک پہنچایا جاتا ہے۔  ہرماڈیول کا ڈھانچہ اسٹین لیس اسٹیل سے بنایا گیا ہے جس میں وائرنگ، انسولیشن، وینٹی لیشن اور دیگر سہولیات رکھی جاتی ہیں۔ پھر ان کے ڈھیر لگا کر انہیں نٹ بولٹ سے جوڑکر پانی اور سیوریج کی لائنیں ڈالی جاتی ہیں۔ اس عمل کی مکمل تفصیل نیچے دی گئی ویڈیو میں دیکھی جاسکتی ہے۔

 کمپنی کے مطابق پورا اسٹرکچر زلزلے کو برداشت کرسکتا ہے، حسبِ ضرورت اسے کھول کر دوبارہ بکھیر کر کسی دوسرے مقام تک لے جایا جاسکتا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اسی طریقے سے 200 میٹر بلند عمارت باآسانی بنائی جاسکتی ہے۔