سلوواکیا کے ہوائی اڈوں نترا اوربراتیسلاوا کے مابین پروٹوٹائپ ائیر کار نے 35 منٹ کا فلائنگ ٹیسٹ مکمل کرلیا۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی ایک رپورٹ میں تخلیق کار اسٹیفن کلائن کی تیار کردہ پروٹوٹائپ ائیر کار ٹیسٹ کی ویڈیو شیئر کی گئی ہے۔
ویڈیو میں ائیرکار کو آسمان میں اڑان بھرتے اور چند لمحوں بعد ہوائی جہاز میں تبدیل ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق تیار کی گئی کار بی ایم ڈبلیو کے انجن اور پیٹرول پمپ میں دستیاب عام پٹرول سے چلائی گئی ہے۔
ائیر کار کے تخلیق کار اسٹیفن کلائن کا کہنا ہے کہ کار 8200 فٹ کی بلندی پر ہزار کلومیٹر اور 40گھنٹوں تک اڑان بھر سکتی ہے جب کہ کار کو ہوائی جہاز میں تبدیل ہونے میں 2 منٹ اور 15 سیکنڈ لگتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ائیر کار کو فی الحال کمرشل طور پر متعارف نہیں کروایا گیا ہے۔