انسٹاگرام میں بچوں کے تحفظ کیلئے نئے فیچرز

سان فرانسسکو: سوشل میڈیا پر کم عمر بچوں کی حفاظت یقینی بناتے ہوئے انہیں ’ناپسندیدہ بڑوں‘ کی پہنچ سے دور رکھنے کےلیے انسٹاگرام نے کچھ نئے فیچرز پیش کیے ہیں۔

انسٹاگرام کی ملکیت رکھنے والی کمپنی ’’فیس بُک‘‘ نے گزشتہ روز ایک پریس ریلیز کے ذریعے تین نئے فیچرز کا اعلان کیا ہے:

اگر 13 سال یا اس سے کم عمر کا کوئی بھی بچہ انسٹاگرام پر اکاؤنٹ بنائے گا تو خودکار طور پر وہ ’پرائیویٹ‘ ہوگا یعنی اس اکاؤنٹ پر لگائی جانے والی پوسٹس صرف دوسرے کم عمر بچے ہی دیکھ سکیں گے۔ ان کے علاوہ، صرف ان ہی بڑوں کی نظروں سے یہ پوسٹس گزر سکیں گی جنہیں یہ بچہ (صارف) خود اجازت دے گا۔

 انسٹاگرام پر مشکوک حرکتیں کرنے والے اکاؤنٹس کی نگرانی میں زیادہ سختی کی جائے گی اور انہیں کم عمر بچوں کو براہِ راست پیغامات بھیجنے (’ڈی ایم‘ کرنے) سے بھی باز رکھا جائے گا۔

 اشتہار دینے والے اداروں کےلیے بھی آپشنز محدود کیے جائیں گے تاکہ انسٹاگرام استعمال کرنے والے بچوں تک صرف وہی اشتہارات پہنچیں جو ان کی عمر کے حساب سے ہیں۔

اس اعلان سے منسلک ایک اور پوسٹ میں فیس بُک کی نائب صدر برائے مصنوعاتِ نوجوانان (وی پی آف یوتھ پروڈکٹس) پاونی دیوانجی نے واضح کیا ہے کہ اکاؤنٹ بنانے والے فرد کی درست عمر کا پتا لگانے کےلیے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کا بھرپور استعمال کیا جائے گا۔

 

 

 

 

 

Advertisement