مردان تعلیمی بورڈ نے غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے گیارہویں جماعت کے طلبا کو نویں جماعت کا پرچہ تھما دیا۔
مردان میں ہونے والے انٹر کے امتحانات کے دوران امتحانی ہالز میں گیارہویں جماعت کے بجائے نویں جماعت کا ریاضی کا پرچہ تقسیم کیا گیا۔
طلبا کی نشاندہی پر پرچہ منسوخ کر دیا گیا اور طلبا کو پرچہ دینے کے لیے دوبارہ دوپہر2 بجے آنے کی ہدایت کی گئی اور پھر دوبارہ پرچہ لیا گیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین مردان تعلیمی بورڈ محمد امتیاز ایوب کا کہنا تھا کہ پرچے کے اوپر جماعت رومن نمبر میں لکھنے کے باعث غلطی ہوئی۔
امتیاز ایوب کا کہنا تھا کہ وقت ضائع ہونے پر سب سے معذرت خواہ ہوں، یہ ایک انسانی غلطی ہے، اس واقعے سےکسی کو نقصان نہیں ہوا۔