دنیا کا سب سے باکفایت باورچی روبوٹ

نیویارک: اگر آپ بھوک محسوس کررہے ہیں ، گھر کا کھانا پسند کرتے ہیں لیکن پکانے کا دل نہیں کررہا تو اولیور گھریلو روبوٹ آپ کے لیے ہی ہے۔ لیکن یہ باقاعدہ ہاتھ اور پاؤں والا کوئی روبوٹ نہیں بلکہ ایک اسمارٹ آلہ ہے جو تین آسان مراحل میں کام کرتا ہے، اول کھانے کی ترکیب منتخب کریں، دوم، اجزا ایک جگہ رکھیں، سوم ، چھوٹے مرتبان اجزا سے بھریں اور بٹن دبادیں۔

اس طرح اولیور ریسیپی کو دیکھتے ہوئے بقکہ کام ازخود کرلے گا۔ اس میں ایک ذہین باورچی چھپا ہے جو مزیدار کھانے، سالن، سوپ، چاول، پاستا، فجیتا اور دیگر بے شمار اقسام کے کھانے تیار کرسکتا ہے۔ اس کے اوپر رکھے برتنوں سے وقفے وقفے سے اجزا نکل کر شامل ہوتے رہتے ہیں اور اندر موجود روبوٹک چمچہ کھانے کو اپنے انداز سے تیار کرتا رہتا ہے۔

اگر آپ پیڈ تھائی کی مشہور ڈش کھانا چاہتے ہیں تو اولیور اسے چھ مرحلوں میں پکاتا ہے۔ اگر آپ تھری بین چلی پسند کرتے ہیں تو اسے 14 مراحل میں تیارکرے گا جو کسی ماہر شیف کی طرح کام کرتے ہوئے انجام دیتا ہے۔ اس کے علاوہ آپ دنیا بھر کے ان ممکنہ کھانوں کی فہرست دیکھ سکتے ہیں جنہیں اولیور روبوٹ بہت سہولت کے ساتھ تیار کرتا ہے۔

کھانا بننے کے بعد اسے کھولنا، بند کرنا اور دھونا بہت آسان ہے کیونکہ اسے کے اندر چمچہ ہے تو ہانڈی بھی یہی روبوٹ ہے۔ یہ بھی ہوسکتا ہے کہ آپ صبح کو اس میں تمام ضروری اجزا شامل کرکے جائیں اور واپسی پر ایک ایپ کے ذریعے یہ ازخود آن ہوکر اپنا باورچیوں والا کام شروع کردے اور جب آپ گھر پہنچیں تو مزیدار گرما گرم کھانا آپ کے لیے تیار ہو۔