چین کی بڑی سمارٹ فون ساز کمپنی کا پاکستان میں پلانٹ لگانے کا اعلان 

اسلام آباد:حکومت کی نئی معاشی پالیسی کام کر گئی، چین کی سب سے بڑی سمارٹ فون ساز کمپنی کا بھاری سرمایہ کاری سے پاکستان میں اپنا پہلا مینوفکچرنگ پلانٹ لگانے کا اعلان کردیا۔

 تفصیلات کے مطابق چین کی سب سے بڑی سمارٹ فون ساز کمپنیوں میں سے ایک ویوونے پاکستان میں اپنا پہلا مینوفکچرنگ پلانٹ لگانے کا اعلان کیا ہے۔

اس مینوفکچرنگ پلانٹ کی تعمیر کے لیے چینی کمپنی کی جانب سے 10ملین ڈالر کی بھاری سرمایہ کاری کی جائے گی۔

 چینی کمپنی کی سرمایہ کاری سے نہ صرف پاکستان میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، بلکہ پاکستان میں سمارٹ فونز کی قیمتوں میں بھی کمی متوقع ہے۔

 ویوو کے پاکستان میں لگائے جانے والے اس پلانٹ میں نہ صرف سمارٹ فونز تیار کیے جائیں گے، بلکہ ویوو موبائل کی دیگر اسیسریز بھی تیار کی جائیں گی۔

چینی میڈیا کے مطابق یہ ویوو کمپنی کی جانب سے سمارٹ فونز کی تیاری کیلئے لگایا جانے والے پلانٹ کے لیے فیصل آباد کے انڈسٹریل اسٹیٹ کو منتخب کیا گیا ہے۔

ویوو کمپنی کے ترجمان کے مطابق ہمسایہ ملک بھارت میں بھی ویوو کی جانب سے پہلے بھی 10ملین ڈالر کی لاگت سے پلانٹ لگایا جا چکا ہے۔

دوسری جانب گزشتہ دنوں دنیا کی سب سے بڑی سمارٹ فون ساز کمپنی سیم سانگ نے پاکستان میں مینوفیکچرنگ پلانٹ لگانے کا اعلان کیا تھا۔