آن لائن شناختی کارڈ بنوانے کے لئے موبائل ایپ تیار 

 اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان عمران خان نے نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کی آئی ٹی لیب میں تیار کی گئی دنیا کی  پہلی جدید ترین ٹیکنالوجی پر مبنی پاک آئیڈینٹٹی ایپ کا افتتاح کیا۔

 اس ایپ کی بدولت پاکستان دنیا میں یہ ٹیکنالوجی متعارف  کرانے والا پہلا ملک بن گیا ہے جس کی بدولت شہری بذریعہ سمارٹ موبائل گھر بیٹھے شناختی کارڈ بنوا سکتے ہیں۔

صارفین اپنے سمارٹ موبائل فون  کے کیمرہ کی مدد سے  نہ صرف فنگرپرنٹ لے سکتے ہیں بلکہ تصویر اور دیگر دستاویزات بھی سکین کر کے اپ لوڈ کرسکتے ہیں۔

نادرا نے جدت آمیز اور جدید ترین ٹیکنالاجی پر مبنی آن لائن شناختی کارڈ بنانے کے پروگرام میں موبائل اپلیکیشن تیار کر لی۔

 نئی موبائل ایپ کی سب سے اہم خصوصیت اس میں موجود موبائل کیمرے کے ذریعے بائیومیٹرک یعنی انگلیوں کے نشان کے حصول کی سہولت ہے جس کی بدولت شہریوں کو آن لائن شناختی کارڈ بنوانے میں پیش آنے والی سب سے بڑی مشکل دور ہو جائے گی۔

وزیراعظم عمران خان نے چیئرمین نادرا طارق ملک کے موبائل ایپ کے جدید خیال کو سراہتے ہوئے کہا کہ چیئرمین نادرا طارق ملک نے انتہائی قلیل وقت میں ایپ کی تیاری مکمل کرنے اور پاکستان کو یہ ٹیکنالوجی متعارف کرانے والا دنیا کا پہلا ملک بنا دیا۔

یہ جدت آمیزموبائل ایپ نادرا  https://id.nadra.gov.pk  پورٹل سے منسلک کی جائے گی۔اپنے سمارٹ فون پر اینڈرائیڈ موبائل فون  استعمال کرنے والے صارفین Play Store جبکہ آئی فون موبائل  استعمال کرنے والے صارفین  Store Appسے PAK IDENTITY  ا یپ ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔