کوئٹہ:بلوچستان صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے سونا خان میں مستونگ روڈسیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر خودکش دھماکے کے نتیجے میں 4اہلکار جاں بحق جبکہ 19زخمی ہوگئے ہیں۔
سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق موٹرسائیکل سوار خودکش حملہ آور نے خود کو فورسز کی گاڑی کے ساتھ ٹکرا دیا، جس سے خوفناک دھماکہ ہوا۔
دھماکے کے نتیجے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کو فوری طورپر ہسپتال منتقل کردیاگیا۔
ڈپٹی انسپکٹرجنرل پولیس کوئٹہ اظہر اکرام کے مطابق زخمیوں میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے۔
ڈی آئی جی پولیس اظہر اکرم نے چار سکیورٹی اہلکاروں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حملے میں 17 سکیورٹی اہلکار اور دو شہری زخمی ہوئے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ تین زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے۔بلوچستان حکومت نے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
پولیس کے مطابق خود کش دھماکے میں ایف سی کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، جو معمول کی گشت پر تھی۔ حملے میں 6 کلو دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا۔ حملہ آور نے موٹر سائیکل کے ذریعے ایف سی چیک پوسٹ اور گاڑی کو نشانہ بنایا۔
حملے کے بعد قانون نافذ کرنے والوں اداروں کی جانب سے جائے وقوعہ کو سیل کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی کی جانب سے خودکش حملے کی ذمہ داری قبول کی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق اتوار کی صبح ساڑھے7بجے کوئٹہ کے علاقے مستونگ روڈ پر سونا خان تھانے کے قریب واقعہ فرنٹیئر کوربلوچستان کی چیک پوسٹ کے قریب دہشت گردی کا واقعہ پیش آیا۔
پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے خود کش بمبار کے جسمانی اعضاء سمیت دیگر شواہد اکھٹے کرنے کے بعد واقعہ کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
وزیر اعظم عمران خان نے کوئٹہ کے مستونگ روڈ پرایف سی کی چیک پوسٹ پر خودکش حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
اتوار کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں عمران خان نے کہا کہ کوئٹہ کے مستونگ روڈ پرایف سی کی چیک پوسٹ پرٹی ٹی پی کے خودکش حملے کی شدید مذمت کرتاہوں۔ میری ہمدردیاں شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں اورمیں زخمیوں کی شفایابی کیلئے دعاگوہوں۔بیرونی قوتوں کی ایماء پربننے والے دہشتگردی کے منصوبے خاک میں ملاکرہمیں محفوظ بنانے والے اپنے محافظین اور ان کی قربانیوں کوسلام پیش کرتاہوں۔