گوگل نے افغان حکومت کے ای میل اکاؤنٹس بلاک کردیئے 

انٹرنیٹ کے سب سے بڑے سرچ انجن گوگل نے افغانستان کی حکومت کے متعدد ای میل اکاؤنٹس کو عارضی طور پر بلاک کر دیا ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کی رپورٹ کے مطابق معاملے سے آگاہی رکھنے والے ایک شخص نے بتایا ہے کہ اکاؤنٹس لاک ڈاؤن کرنے کا یہ فیصلہ افغان حکومت کے سابق اہلکاروں اور ان کے عالمی شراکت داروں کے ڈیجیٹل روابط کی ٹریل کے بارے میں بڑھتے خوف کو کم کرنے کے لیے کیا گیا۔

امریکی حمایت یافتہ افغان حکومت کو گرانے اور طالبان کی جانب سے افغانستان پر قبضہ کرنے کے بعد سے مختلف رپورٹس میں یہ نشاندہی کی گئی ہے کہ نئے حکمرانوں کی جانب سے اپنے دشمنوں کو تلاش کرنے کے لیے بائیو میٹرک اور افغان پے رول ڈیٹا بیسز کا غلط استعمال کیا جاسکتا ہے۔

گوگل کی کمپنی الفابیٹ نے ایک بیان میں افغان حکومت کے اکاؤنٹس لاک ڈاؤن کرنے کی تصدیق نہیں کی تاہم یہ کہا کہ کمپنی افغانستان میں صورتحال کی نگرانی کر رہی ہے اور 'متعلقہ اکاؤنٹس کو محفوظ بنانے کے لیے عارضی اقدامات کیے گئے ہیں'۔