فیس بک نے سمارٹ چشمے متعارف کرادیئے

سماجی رابطوں کی مقبول ترین ایپ فیس بک  اور چشموں کی معروف  برینڈ رے  بین نے سمارٹ چشمے متعارف کرادیے۔

رے بین اسٹوریز نامی یہ اسمارٹ چشمے  پہننے والے شخص کی آواز پر کام کریں گے یعنی جس شخص نے اس اسمارٹ چشمے کو پہنا ہوگا اس کے بولنے پر یہ تصاویر اور ویڈیوز  بنا سکتے ہیں جب کہ چشمے کے فریم  وائرلیس طور پر بذریعہ ایپ فیس بک سے جڑ سکتے ہیں۔

رے بین کے ریسرچ اینڈ ڈیزائن کے ڈائریکٹر کے مطابق انہوں نے 1952 کے اپنے پرانے  فریمز کو ایک نئے ڈیزائن اور ٹیکنالوجی کی مدد سے دوبارہ بنایا ہے۔

رے بین اسٹوریز نامی یہ اسمارٹ چشمے جو  299 امریکی ڈالرز یعنی 50 ہزار پاکستانی روپے سے زائد قیمت سے شروع ہورہے ہیں، انہیں  سب سے پہلے برطانیہ ، آسٹریلیا، کینیڈا، آئرلینڈ، اٹلی اور  امریکا میں متعارف کرایا جائے گا۔

ان اسمارٹ چشموں کے فریمز پر کیمرا نصب ہوگا جب کہ فریمز  کی کمانیاں فون کالز  یا میوزک  سننے کے لیے  اسپیکر کے طور پر کام کرنے کے لیے ڈیزائن کی گئی ہیں۔

کیمرے استعمال کیے جانے کے دوران فریم کے سامنے ایک سفید روشنی چلتی ہے جس کا مقصد لوگوں کو خبردار کرنا ہے کہ انہیں ریکارڈ کیا جارہا ہے۔

صارفین کمانیوں پر لگے  بٹن دباکر یا وائس کمانڈ استعمال کرکے 30 سیکنڈ تک کی تصویر یا ویڈیو کلپ ریکارڈ کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ ان  اسمارٹ چشموں کو فزیکل طور پر بند بھی کیا جاسکتا ہے۔

ان  اسمارٹ چشموں کے  فریم وائرلیس طور پر ایک اسمارٹ فون ایپ سے  جڑے ہوتے ہیں  جو خاص طور پران چشموں سے لی گئی تصاویر یا ویڈیو کو سنبھالنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔

صارفین ایپ کا استعمال کرتے ہوئے فیصلہ کرسکتے ہیں کہ آیا وہ تصاویر یا ویڈیو کو  فیس بک پر پوسٹ   یا شیئر کرنا چاہتے ہیں یا نہیں۔ 

ان چشموں میں صرف ایپ کو چلانے کے لیے درکار ڈیٹا اکٹھا کیا جاتا ہے۔