ایپل نے آئی فون صارفین کیلئے وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی فون کو ہیوی موٹر سائیکل سے منسلک نہیں کرنا چاہیے کیونکہ موٹر سائیکل کی وائبریشن آپ کے آئی فون کے لیے خطرناک ہے۔
ایپل نے آئی فون کے لیے جاری ہونے والے نئے سپورٹنگ ڈاکیومنٹس میں وارننگ دی ہے کہ آئی فون رکھنے والے افراد کو چاہیے کہ وہ موٹر سائیکل سے پیدا ہونے والے ارتعاش( وائبریشن) سے اپنے فون کو بچائیں کیوں کہ طاقت ور موٹر سائیکلوں سے پیدا ہونے والی وائبریشن آپ کے فون میں کیمرے اوردیگر مسائل کا سبب بن سکتی ہے۔
دستاویزات میں مزید کہا گیا ہے کہ موٹر سائیکل مالکان کو چاہیئے کہ کسی نقصان سے بچنے کے لیے وائبرینش برداشت کرنے والے ماؤنٹ استعمال کریں۔ کیوں کہ موٹر سائیکل کے انجن سے پیدا ہونے والی وائبریشن فون کے ’ آپٹیکل امیج اسٹیبلائزیشن‘ یا ’ کلوزڈ لوپ آٹو فوکس سسٹمز‘ کو نقصان پہنچا تی ہے۔
اس بارے میں ایپل کا مزید کہنا ہے کہ آئی فون کے متعدد ماڈلز وائبریشن سے حساس ہیں۔ آئی فون کے کیمرا لینسز آپٹیکل امیج اسٹیبلائزیشن ( او آئی ایس) کے ارتعاش سے نقصان کی وجہ یہ ہے کہ یہ ویڈیو یا تصاویر بناتے حرکت اور وائبریشن میں مدد دینے کے لیے گائرو اسکوپس اور مقناطیسی سینسرز استعمال کرتے ہیں۔
یہی وجہ ہے کہ ایپل نے اپنے استعمال کنندگان کو ہدایات دیں ہیں کہ وہ موٹر سائیکل کے چیچس یا ہینڈل بار سے آئی فون کو براہ راست منسلک نہ کریں۔ جب کہ کسی قسم کے نقصان سے بچنے کے لیے صارفین کو چاہیے کہ وہ ہینڈل بار یا چیچس پر وائبریشن جذب کرنے والے ماؤنٹ میں آئی فون لگائیں۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر بھی آئی فون کے بہت سے استعمال کنندگان نے موٹر سائیکل سے منسلک کرنے پر اپنے فون کو پہنچنے والے نقصان کی شکایات کی ہیں۔