اسلام آباد: وفاقی حکومت نے مصنوعی مہنگائی کیخلاف پاکستان فوڈسکیورٹی فلواینڈ انفارمیشن آرڈیننس جاری کردیا۔
مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کو6 ماہ قید اور جرمانہ ہوگا، مہنگائی کے فوری خاتمے کیلئے مینجمنٹ کمیٹی بھی قائم کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے مصنوعی مہنگائی، منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کیخلاف اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
جس کے تحت وفاقی حکومت نے مصنوعی مہنگائی کرنے والوں سے نمٹنے کیلئے پاکستان فوڈ سکیورٹی فلو اینڈ انفارمیشن آرڈیننس جاری کردیا ہے۔
آرڈیننس کے تحت جان بوجھ کر مہنگائی کرنے والوں کیخلاف فوری کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ مصنوعی مہنگائی ثابت ہونے پر متعلقہ دکاندار، ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کو 6 ماہ قید اور جرمانہ ہوگا۔
مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے وزیراعظم کی سربراہی میں نیشنل فوڈ سیکیورٹی مینجمنٹ کمیٹی بھی قائم کردی گئی ہے، کمیٹی کے ممبران میں چاروں وزرائے اعلیٰ، وزیراعظم آزاد کشمیر ہوں گے۔