ٹک ٹاک کمپنی ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان ہمارے لیے اہم مارکیٹ ہے جہاں ٹک ٹاک تک رسائی بحال ہوتے ہی نئے منصوبے اور سرمایہ کاری لائیں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹک ٹاک کمپنی ترجمان نے تمام معاملات کی وضاحت کرتے ہوئے بتایاہے کہ وہ پی ٹی اے کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہ کر قابل عمل حل نکال رہے ہیں تاہم آخری بار لگائی گئی پابندی کے وقت انھیں پیشگی اطلاع نہیں دی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایپ کو ہر شخص کے لیے محفوظ اوربہتر بنانے کے لیے ہماری کمیونٹی گائیڈ لائنز ہماری بنیادہیں، ہم نے گزشتہ 12 ماہ کے دوران، پاکستان کے لیے مقامی زبان میں ماڈریشن کی ٹیم پر تین گناہ سے زائد سرمایہ کاری کی ہے۔
ٹک ٹاک کمپنی کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ہماری ٹیم چوبیس گھنٹے کام کرتی ہے تاکہ مقامی قوانین اور پلیٹ فارم کی گائیڈ لائنز کے مطابق پاکستان کے لیے غیر مناسب کنٹنٹ کو ایپ سے ہٹایا جا سکے۔ ہم مسلسل یا انتہائی ناپسندیدہ انداز میں ہماری کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی کرنے والے اکاؤنٹس کو بند کردیتے ہیں۔