فوڈ سکیورٹی کیلئے چشمہ کینال منصوبہ انتہائی ناگزیر ہے، وزیراعلیٰ

پشاور:وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ صوبے کو فوڈ سکیورٹی کے حوالے سے مسائل اور چیلنجز کا سامنا ہے اوران سے موثر انداز میں نمٹنے اور صوبے کو زرعی پیداوار میں خود کفیل بنانے کیلئے چشمہ رائٹ بینک کینال کا منصوبہ انتہائی ناگزیر ہے جس پر عمل درآمد سے جنوبی اضلاع کی ہزاروں ایکڑ بنجر زمین سیراب ہو گی جسے نہ صرف جنوبی اضلاع بلکہ پورے صوبے میں زرعی انقلاب آئے گا۔

 وزیراعلیٰ نے اْمید ظاہر کی ہے کہ اس اہم منصوبے پر عمل درآمد کے سلسلے میں وفاقی حکومت مکمل تعاون فراہم کرے گی اور وزیراعظم عمران خان اپنا اہم کردار ادا کریں گے۔ اْنہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے پر عمل درآمد صرف وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں ہی ممکن ہے۔

 وہ جمعرات کے روز ڈیرہ اسماعیل خان میں محکمہ زراعت خیبرپختونخوا کے زیر اہتمام کسان کنونشن سے خطاب کررہے تھے۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبائی حکومت وزیراعظم عمران خان کے وژن اور احکامات کی روشنی میں زراعت کے شعبے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، پہلی دفعہ زراعت کے شعبے کا سالانہ بجٹ 700 ملین سے بڑھا کر آٹھ ارب روپے کر دیا گیا ہے۔ 

اس کے علاوہ زراعت کے شعبے کیلئے 5 ارب روپے کا اضافی فنڈ بھی مختص کیا گیا جبکہ وفاق کی طرف سے اربوں روپے کی سرمایہ کاری اس کے علاوہ ہے۔اْنہوں نے مزید کہاکہ صوبائی حکومت زراعت کی ترقی کے ساتھ ساتھ ڈیموں کے کمانڈ ایریا کے فروغ پر بھی خصوصی توجہ دے رہی ہے۔

 موجودہ صوبائی حکومت سے پہلے صوبے میں صرف 14 واٹر کورسز مکمل کئے گئے تھے جبکہ اس دور حکومت میں اب تک 140 واٹر کورسزمکمل کئے گئے، 80 مزید واٹر کورسز آئندہ دو مہینوں میں مکمل کئے جائیں گے اور اگلے دو سالوں میں 400 واٹرکورسز کا منصوبہ مکمل کیا جائے گاجسے صوبے میں ایک لاکھ 96 ہزار ایکڑ زمین سیراب ہو گی اور صوبے میں زراعت کے شعبے میں ایک انقلاب آئے گا۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں ڈیری فارمنگ کے شعبے کو فروغ دینے کیلئے اقدامات اْٹھارہی ہے تاکہ زمیندار اپنے پاؤں پر کھڑے ہو سکیں۔ ڈیری فارمنگ کے ساتھ ساتھ ٹراؤٹ فش فارمنگ کے شعبے کو بھی فروغ دیا جارہا ہے اور آج صوبہ ٹراؤٹ فش برآمد کرنے کی پوزیشن میں ہے۔ 

محمود خان نے کہا کہ پہلے صوبے میں زراعت کا محکمہ 25 ویں نمبر پر تھا اور اب زراعت کا محکمہ صوبائی حکومت کے ٹاپ کا محکمہ بن گیا ہے کیونکہ ہم نے ہر صورت اور ہرقیمت پر اس شعبے کو اوپر اْٹھانا ہے۔

 کسان کنونشن کے مہمان خصوصی وزیراعظم پاکستان عمران خان نے صوبے میں کسان کارڈ اسکیم کے اجراء کے علاوہ ایگریکلچریونیورسٹی ڈی آئی خان کی عمارت اور گومل زام ڈیم کمانڈ ایریا کے علاوہ زرعی تحقیقاتی اسٹیشنز کا باضابطہ افتتاح کیا۔ 

کسان کارڈ اسکیم کے پہلے مرحلے کے تحت کسانوں کو زرعی مشینری کے علاوہ بیجوں، کھادوں،کیڑے مار ادویات وغیرہ کی خریداری پر سبسڈی فراہم کی جائے گی۔

 اسکیم کے دوسرے مرحلے کے تحت کسانوں کو بلاسود / کم مارک اپ والے قرضے فراہم کئے جائیں گے اس کے علاوہ قدرتی آفات سے فصلوں کو ہونے والے نقصاناکی صورت میں مالی معاونت اور فصلوں کے انشورنس سہولیات کی بھی فراہم کی جائے گی۔