امارات کا زہرہ کے لیے اپنے خلائی مشن کا آغاز

دبئی سٹی: متحدہ عرب امارات نے کامیاب مریخی مشن کے بعد سیارہ زہرہ (وینس) کے لیے اپنے خلائی مشن کا آغاز کردیا ہے اور اس کے بعد اگلے عشرے میں سیارچے پر خلائی جہاز اتارنے کا منصوبہ بھی شامل ہے۔

اس سال فروری میں متحدہ عرب امارات نےامید نامی خلائی مشن مریخی مدار میں بھیجا جو اب بھی کام کررہا ہے۔ اس کامیابی کے بعد اماراتی خلائی ایجنسی نے سیارہ زہرہ میں اپنی دلچسپی ظاہر کی ہے۔ اس مشن کے خلائی جہاز کی تکمیل و زمینی آزمائش میں سات برس لگیں گے اور 2028 میں اسے خلا میں روانہ کیا جائے گا۔

مریخ تک پہنچنا قدرے آسان ہے جبکہ یہ منصوبہ بہت پیچیدہ ہے۔ خلائی جہاز پہلے زہرہ پر پہنچے گا وہاں سے ثقلی دھکا لگوا کر دوبارہ زمین پرآئے گا ۔ پھر یہاں سے نظامِ شمسی کی سیارچی پٹی (ایسٹرائڈ بیلٹ) تک پہنچے گا۔ اس پٹی میں سات سیارچوں پر تحقیق کرتا ہوا 2033 میں 56 کروڑ کلومیٹر دور ایسٹرائڈ 560 پر اترے گا۔ اس راہ سے مشن کی طوالت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ یوں مجموعی طور پر یہ تین ارب ساٹھ کروڑ کلومیٹر کا سفر طے کرے گا۔