اوپن مارکیٹ سے ڈالر خریدنے پر بائیو میٹرک تصدیق لازمی

اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے اوپن مارکیٹ سے ڈالر خریدنے پر ایک اور پابندی عائد کرتے ہوئے تمام افراد کے لیے اوپن مارکیٹ سے 500 یا اس سے زائد ڈالر خریدنے پر بائیومیٹرک تصدیق لازمی قرار دے دی۔

دوسری جانب بدھ کے روز ڈالر کی قیمت 171 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر جاپہنچی۔

 اسٹیٹ بینک سے جاری بیان میں کہا کہ 'ایکسچینج کمپنیوں کے لیے لازمی ہوگا کہ وہ 500 ڈالر یا اس سے زائد کی کرنسی فروخت اور ترسیلات زر پر بائیومیٹرک تصدیق کریں'۔

مرکزی بینک کے مطابق اس سے قبل کوئی بھی شخص قومی شناختی کارڈ کی ایک نقل فراہم کرکے ایکسچینج کمپنیوں سے ڈالر حاصل کرسکتا تھا، یہ شرط 22 اکتوبر 2021 سے لاگو ہوگی۔

یہ بڑا قدم بظاہر ملک سے افغانستان میں ڈالر کے اخراج کو روکنے کے لیے اٹھایا گیا ہے جس نے اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی طلب میں نمایاں اضافہ اور شرح تبادلہ کو غیر مستحکم کیا۔

امریکی ڈالر کی زیادہ طلب کے مقابلے میں مقامی کرنسی کی تیزی سے گراوٹ پر قابو پانے کے لیے اسٹیٹ بینک پہلے ہی کئی اقدامات اٹھا چکا ہے۔

اس سے قبل ایکسچینج کمپنیاں میڈیا کے ذریعے اس بات کو اجاگر کرچکی ہیں کہ افغانستان کے لیے ڈالرز کا بہاؤ بہت زیادہ ہے جبکہ فچ ریٹنگ کمپنی نے بھی حال ہی میں اس مسئلے کو شرح تبادلہ کو غیر مستحکم کرنے کی ایک وجہ قرار دیا ہے۔

اسٹیٹ بینک کے اقدامات کے مطابق افغانستان جانے والے ہر شخص کو زیادہ سے زیادہ ایک ہزار ڈالر فی دورے کی اجازت ہوگی، جس کی سالانہ حد 6 ہزار ڈالر ہے۔

مرکزی بینک کی جانب سے جاری کردہ سرکلر میں کہا گیا کہ ایکسچینج کمپنیوں کی جانب سے غیر ملکی کرنسی کے لین دین میں شفافیت کو بڑھانے اور نقد غیر ملکی کرنسی کے ناپسندیدہ اخراج کو روکنے کے لیے اسٹیٹ بینک نے کچھ ریگولیٹری اقدامات متعارف کرائے ہیں۔

بینک کے مطابق ایکسچینج کمپنیاں 10 ہزار ڈالر اور زائد کی غیر ملکی نقد کرنسی کی فروخت اور بیرونِ ملک ترسیلات زر بھیجنے کا عمل صرف چیک کے ذریعے وصول ہونے والی رقوم کے عوض یا بینکاری ذرائع سے کریں گی۔

اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ ’یہ ریگولیٹری اقدامات ایکسچینج کمپنیوں کے ذریعے غیر ملکی کرنسی کی فروخت کی دستاویزات کو بہتر بنانے اور غیر ملکی کرنسی کے ناپسندیدہ اخراج کو چیک کرنے میں مدد کریں گے‘۔