دنیا بھر کے مختلف ممالک میں شہریوں کو مختلف ترغیبات کے ذریعے کورونا ویکسین لگوانے پر آمادہ کیا جارہا ہے لیکن بھارت کے ضلع کارور میں انتظامیہ نے ایک انوکھی پیشکش کی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست تامل ناڈو کے ضلع کارور میں انتظامیہ کی جانب سے ایک منفرد اسکیم کا اعلان کیا گیا ہے جس کے تحت رواں ہفتے اتوار کے روز ضلع میں لگائے جانے والے کیمپ میں کورونا ویکسین لگوانے والے شہریوں کو مختلف تحائف دینے کا کہا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اتوار کے روز ویکسین کیمپ میں کورونا ویکسین لگوانے والے شہریوں کو واشنگ مشین، ویٹ گرائنڈر ، مکسر گرائنڈر اور پریشر ککر سمیت کئی ہوم اپلائنسز جیتنے کا موقع فراہم کیاجائے گا۔
اس دوران کارور کی ضلعی انتظامیہ ویکسین سینٹرز میں ویکسین لگوانے کے تمام افراد کے لیے لکی ڈرا کا انعقاد کرے گی جس میں جیتنے والے افراد کو کئی تحفے پیش کیے جائیں گے۔
رپورٹ کے مطابق لکی ڈرامیں جیتنے والے افراد کے لیے پہلا انعام واشنگ مشین دوسرا ویٹ گرائنڈر اور تیسرا انعادم مکسر گرائنڈر ہے۔
مزید برآں تحائف میں 24 پریشر ککر اور 100 دیگر انعامات بھی تقسیم کیے جائیں گے۔