اسلام آباد:وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز بجلی کی بچت کیلئے متحرک ہوگئے۔
پنکھوں موٹرز اور ٹرانسفارمز میں استعمال ہونے والے خام مال پر ٹیکس چھوٹ مانگ لی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر سائنس شبلی فراز نے وزرت توانائی وزارت تجارت کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ فین انڈسٹری کو درآمدی ڈیوٹی میں چھوٹ سے پچاس فیصد بجلی بچ سکتی ہے۔
اس پورے شعبے کیلئے مالی تعاون دیا جائے۔ ٹیکسز اور درآمدی ڈیوٹی ختم کرنے سے تین ہزار میگاواٹ کی بچت ہوگی۔غازی بروتھا جیسے دو ڈیموں کے برابر بجلی بچائی جائی سکتی ہے۔
ملک میں دس کروڑ کے قریب پنکھے ہیں،پاکستان میں استعمال ہونے والے پنکھے ایک سو بیس واٹ بجلی کھا رہے ہیں۔ درآمدی ڈیوٹی ختم کرنے سے پنکھوں کے معیار میں بہتری آئے گی۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ ٹیکسز اور ڈیوٹیز کے باعث غیر معیاری اور سستے سامان سے پنکھے بن رہے ہیں۔
پنکھوں میں استعمال ہونے والی اسٹیل شیٹ پر ڈیوٹی ختم کی جائے، ٹیکسز اور ڈیوٹیز کے باعث انڈسٹری میں غیر معیاری پنکھے تیار ہو رہے ہیں۔