ایمازون اور گوگل کے ملازمین کا اسرائیل سے متعلق بڑا مطالبہ

امریکی ٹیکنالوجی کمپنی گوگل اور آن لائن کاروبار کی معروف ویب سائٹ ایمازون کے ملازمین نے اسرائیل کے ساتھ کیا گیا معاہدہ منسوخ کرنے کا مطالبہ کردیا۔

امریکی ویب سائٹ 'دا ہل' کے مطابق ایمازون اور گوگل کے 400 سے زائد ملازمین نے  برطانوی اخبار میں شائع ہونے والے ایک مشترکہ خط میں اپنے اداروں سے مطالبہ کیا ہےکہ وہ اسرائیلی فوج اور اسرائیلی حکومت سے کیا گیا معاہدہ معطل کریں۔

خیال رہےکہ دونوں کمپنیوں نے رواں سال اسرائیلی حکومت اور اسرائیلی فوج سےکلاؤڈ سروس کی فراہمی کا معاہدہ کیا تھا جن کی مالیت ایک ارب 20 کروڑ ڈالر سے زائد ہے۔

خط میں کہا گیا ہےکہ یہ معاہدہ مئی میں اسی دوران کیا گیا جب اسرائیل کی جانب سے غزہ پر بمباری کے نتیجے میں 60 بچوں سمیت 250 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

ملازمین کا کہنا ہے کہ ہماری کمپنیوں کی جانب سے فراہم کردہ سروسز کی مدد سے اسرائیلی فوج اور حکومت کی جانب سے فلسطینیوں کے خلاف کیے جانے والے منظم امتیازی سلوک اور انہیں گھروں سے بے دخلی کے ظالمانہ عمل کوتقویت ملےگی۔

واضح رہے کہ دونوں کمپنیوں کے ملازمین کی جانب سے لکھے گئے خط میں اپنا نام ظاہر نہیں کیا گیا۔

امریکی ویب سائٹ کے مطابق ایمازون اور گوگل کی جانب سے مذکورہ خط پر کوئی جواب نہیں ملا ہے۔