کراچی: پاکستان میں مقامی سطح پر ٹی وی بنانے والے پہلے پلانٹ نے کام شروع کر دیا۔
ملٹی نیشنل کمپنی سام سنگ الیکٹرانکس نے پاکستانی کمپنی کے ساتھ مل کر 50 ہزار ٹی وی سیٹس بنانے کا آغاز کر دیا ہے۔
اس سلسلے میں مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر خوش خبری دیتے ہوئے بتایا کہ اگلے 2 سالوں میں کمپنی کی جانب سے ٹی وی سیٹس کی پیداوار کو 1 لاکھ تک لے جایا جائے گا۔
واضح رہے کہ مقامی سطح پر ٹی وی سیٹس کی تیاری کے لیے جنوبی کورین کمپنی سام سنگ الیکٹرونکس نے مقامی کمپنی آر اینڈ آر کے ساتھ اشتراک کیا ہے، اور دونوں نے مل کر پاکستان کا پہلا پلانٹ کراچی میں قائم کیا۔
ابتدائی طور پر اس اشتراک کے تحت پچاس ہزار یونٹس کی تیاری کا ہدف ہے، تاہم دو برسوں میں ایک لاکھ یونٹس تیار کیے جائیں گے۔
مشیر تجارت نے ٹوئٹ میں کہا کہ یہ پاکستانی وزارت تجارت کی ‘میک ان پاکستان’ پالیسی کا نتیجہ ہے، تمام پاکستانی کمپنیوں کو اسی طرح نمایاں بین الاقوامی کمپنیوں کے ساتھ شراکت داری کرنی چاہیے۔
عبدالرزاق داؤد نے پہلے ٹی وی لائن اپ پلانٹ کے آپریشنل ہونے پر سام سنگ الیکٹرونکس کمپنی کو مبارک باد بھی پیش کی۔