اسلام آباد: خیبرپختونخواکی سینیٹ نشست پرالیکشن رکوانے کیلئے درخواست دائر کر دی گئی۔
درخواست گزار نے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں خیبرپختونخواکی سینیٹ نشست پرشوکت ترین کی بطورامیدواراہلیت کو چیلنج کرتے ہوئے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ شوکت ترین بطورمشیرخزانہ تنخواہ اورمراعات لے رہے ہیں لہٰذا خیبرپختونخواکی سینیٹ نشست پر ہونے والے انتخابات کو رکوایا جائے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان سے مشیر خزانہ شوکت ترین کے بطور سینیٹر انتخاب کے لئے 20 دسمبر کو پشاور میں ہونے والی رائے شماری کو فی الفور مؤخر کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن سے استدعا کی گئی ہے کہ شوکت ترین فی الوقت مشیر خزانہ ہیں اور وفاقی خزانے سے ماہانہ تنخواہ اور مراعات لے رہے ہیں ان کی انتخابی مہم کے تمام اخراجات کا بوجھ فی الوقت پاکستان کے ٹیکس دہندگان پر ہے،ایک غیر منتخب شخص کو وفاقی وزیر بنانے کیلئے آئین میں کوئی گنجائش نہیں ہے۔