بھارت میں بندر کے مرنے پر سینکڑوں افراد کیلئے کھانے کی دعوت

نئی دہلی: بھارت کے دلوپورہ گاؤں میں ٹھنڈ سے مرے بندر کی آخری رسومات میں 1500 سے زائد افراد کیلئے کھانے کی دعوت کا اہتمام کیا گیا۔

باشندوں نے بندر کے جنازے کی تمام رسومات میں حصہ لیا جس میں لاش کو جلا کر مردے کی موکشا کا عمل بھی شامل تھا۔

موکشا روح کی آزادی اور اس کے اصل بے عیب جوہر کے ادراک کی ایک خاص حالت کو کہتے ہیں۔

گاؤں میں پنچائیت کے سابق سربراہ ارجن سنگھ چوہان نے میڈیا نمائندوں کو اس عجیب و غریب رسم کی تفصیل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ جب بھی ہمارے ہاں کوئی بندر مرتا ہے تو ہم مردہ انسان کی آخری رسومات کی طرح ہی اس کی بھی رسومات ادا کرتے ہیں۔

ارجن سنگھ کا یہ بھی کہنا تھا کہ گاؤں والوں کا ماننا ہے کہ بندروں میں دراصل بندر کی شکل والے ہنومان نامی بھگوان حلول کرجاتے ہیں۔