داماد کی365کھانوں سے آؤ بھگت کرنے والا بھارتی خاندان

نئی دہلی:بھارتی ریاست آندھرا پردیش سے تعلق رکھنے والے ایک خاندان نے ہونے والے داماد کی خاطر مدارت کی مثال قائم کردی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس خاندان نے مکر سنکرانتی نامی تہوار کے روز اپنے ہونے والے داماد کو مدعو کیا اور اس کے آگے انواع و اقسام کے کھانے پیش کیے جس میں ڈشز کی تعداد  365 تھی۔

خاندان کے ایک فرد نے میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ اتنی ڈشز رکھنے کا مقصد ہماری فیملی سے جڑنے والے نئے فرد کو اپنی محبت کا احساس دلانا تھا، ہم نے ڈشز کی تعداد ایک سال کے دنوں کے حساب سے رکھی جو کہ 365 ہوتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق اس دعوت میں 30 قسم کے مختلف سالن تھے، اس کے علاوہ سادے چاول، بریانی سمیت میٹھے کی بھی بے شمار ڈشز تھیں۔

اس شاہانہ دعوت کی ویڈیو بھی سامنے آئی جس میں لڑکی سمیت اس کے پورے خاندان کو ہونے والے دلہے کی تواضع کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔