ٹماٹر پھل ہے یا سبزی؟۔۔ انوکھا مقدمہ۔۔!!

 ٹماٹر متعلق یہ جان کر آپ کو حیرت ہوگی کہ کبھی یہ پھل ہوا کرتا تھا لیکن پھر ایک مقدمے کے نتیجے میں ایک امریکی عدالت نے اسے زبردستی سبزی قرار دے دیا۔

دراصل اس قضیے کا آغاز اس وقت ہوا جب کچھ تاجروں نے درآمد کئے گئے ٹماٹروں پر یہ کہہ کر ٹیکس دینے سے انکار کر دیا کہ یہ تو پھل ہیں اور امریکہ کے ”ٹیرف ایکٹ آف 3 مارچ 1883“ کے مطابق درآمد کی گئی سبزیوں پر ٹیکس لگایا جائے گا جبکہ پھل ٹیکس سے مستثنیٰ ہوں گے۔

ان تاجروں نے نیویارک کی بندرگاہ کے ٹیکس کلیکٹر سے ادا شدہ رقم کی واپسی کا مطالبہ کرتے ہوئے عدالت میں مقدمہ دائر کر دیا۔ دونوں اطراف کے وکیل ڈکشنریوں سے لیس ہو کر عدالت پہنچے اور ہر ایک نے پھل اور سبزی کی تعریفیں پڑھ کر سنائیں اور مثالوں سے اپنا اپنا موقف ثابت کرنے کی کوشش کی۔

درخواست گزاروں نے عدالت کو بتایا کہ علم بائیولوجی کے مطابق درختوں اور پودوں کے پھولدار حصوں سے پیدا ہونے والے نرم اور گودے والے حصے جن میں بیج ہوتے ہیں، پھل کہلاتے ہیں اور ٹماٹر اس تعریف پر پورا اترتا ہے لہٰذا اسے پھل قرار دیا جائے۔

دوسری طرف کا موقف تھا کہ ہم روزمرہ زندگی میں اسے بطور سبزی استعمال کرتے ہیں لہٰذا اسے سبزی ہی رہنے دیا جائے۔

بالآخر جسٹس گرے نے فیصلہ دیا کہ ڈکشنری میں دی گئی تعریف کا یہ مقصد نہیں ہے کہ ہم روزمرہ استعمال اور معانی بدل دیں اور چونکہ ہم ٹماٹر کو بطور سبزی دیکھتے اور استعمال کرتے ہیں لہٰذا آج کے بعد اسے سبزی ہی شمار کیا جائے۔

اس دن کے بعد اصل میں پھل ہونے کے باوجود ٹماٹر اس مرتبے سے معزول ہو گئے اور آج تک سبزی شمار کئے جاتے ہیں۔