ماہرین کے مطابق مچھر مجموعی طور پر 3 اشاروں ( پسینہ، سانس،اور جلد کی درجہ حرارت ) محسوس کرکے انسانوں تک پہنچتے ہیں، تاہم سرخ و سیاہ رنگ کے کپڑے بھی مچھروں کو اپنی طرف راغب کرتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق یونیورسٹی آف واشنگٹن میں حیاتیات کے ماہر جیفرے رِفل کہتے ہیں کہ خود ہماری جلد مچھروں کو ہماری جانب بلاتی ہے۔ جب مچھر اپنی آنکھوں سے ہماری جلد کو دیکھتے ہیں تو وہ انہیں شوخ نارنجی دکھائی دیتی ہے۔ اس سگنل سے مچھر ہمارے جلد کی طرف لپکتا ہے۔
اسی طرح منہ سے خارج ہونے والی کاربن ڈائی آکسائیڈ بھی مچھروں کو راغب کرتی ہے۔ سائنسدانوں نے نیچر کمیونکیشن میں شائع رپورٹ کے مطابق مچھر سونگھنے کی شاندار حس رکھتے ہیں اور ہمارے پسینے کو محسوس کرکے انسانوں تک پہنچتے ہیں۔
تو مجموعی طور پر مچھر تین اشاروں سے انسانوں تک پہنچتے ہیں۔ اول پسینہ، دوم سانس اور تیسرا جلد کا درجہ حرارت۔ لیکن اب چوتھی شے یعنی سیاہ اور سرخ رنگ کے کپڑوں کو بھی اس میں شامل کیا جاسکتا ہے۔
ماہرین نے کہا ہے کہ بالخصوص ڈینگی پھیلانے والے مچھر ایڈیز ایجپٹائی سرخ اور سیاہ رنگوں کی جانب راغب ہوتے ہیں۔اس طرح نارنجی، سرخ اور سیاہ رنگ ان مچھروں کو کشش کرتے ہیں جبکہ سبز، بنشی، نیلے اور سفید رنگ کی طرف وہ نہیں آتے۔اب اگر مچھروں سے بچنا ہے تو ہلکے رنگوں کے کپڑے زیب تن کیجئے۔