سیٹلائٹ ڈش پر بلیوں کا قبضہ، ویڈیو وائرل

کینیڈا کے ایک سوشل میڈیا صارف نے برفیلے موسم میں جدید اور مہنگی سیٹلائٹ ڈش پر بیٹھی ہوئی پانچ بلیوں کی تصویر ٹویٹ کی ہے جو بہت وائرل ہورہی ہے۔

آرن ٹیلر نامی اس ٹوئٹر صارف نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ یہ ایلون مسک کے جدید ’اسٹارلنک سیٹلائٹ‘ کی ریسیور ڈش ہے جس کی قیمت 500 ڈالر ہے۔ یعنی جدید ہونے کے علاوہ یہ بہت مہنگی بھی ہے۔

البتہ بعض لوگوں نے نشاندہی کی ہے کہ سرد موسم میں ’اسٹارلنک سیٹلائٹ ڈش‘ کو گرم رکھنے کا خودکار نظام موجود ہے جو برفباری میں اس پر برف جمنے نہیں دیتا یا پھر جمی ہوئی برف کو پگھلا کر ڈش پر سے ہٹا دیتا ہے۔

بلیوں نے سیٹلائٹ ڈش کی اسی گرمی کو محسوس کرتے ہوئے، شدید سردی سے بچنے کےلیے اس پر پناہ لے لی اور آپس میں تعاون کرتے ہوئے ایک ساتھ پانچ بلیاں اس ڈش پر بیٹھ گئیں۔
ویسے تو آرن ٹیلر کو ان بلیوں کے سیٹلائٹ ڈش پر بیٹھنے پر کوئی اعتراض نہیں لیکن ان کا کہنا تھا کہ بلیوں کی وجہ سے اس ڈش میں نشریات وصول کرنے کی صلاحیت وقتی طور پر کمزور پڑجاتی ہے۔