اپنا ہی عالمی ریکارڈ توڑنے والا نوجوان

استنبول: یمنی نوجوان محمد مقبل نے چار انڈے اوپر تلے متوازن کرکے نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا ہے۔ سب سے زیادہ انڈے ایک دوسرے پر متوازن کرنے کا پچھلا عالمی ریکارڈ بھی مقبل ہی نے بنایا تھا جس میں اس نے تین انڈے اوپر تلے متوازن حالت میں رکھے تھے۔

اپنی تازہ کوشش اس نے ترک شہر استنبول میں کی اور ایک کے اوپر ایک کرکے، چار انڈے متوازن کرکے اپنا ہی ریکارڈ توڑ دیا۔’’لوگ سمجھتے ہیں کہ چیزوں کو ایک دوسرے پر متوازن کرنا بہت معمولی کام ہے، حالانکہ اس کےلیے بہت توجہ، محنت اور مہارت درکار ہوتی ہے،‘‘ مقبل نے کہا۔

اس نوجوان کو اپنے بچپن ہی سے مختلف چیزیں ایک دوسرے پر متوازن کرنے کا شوق تھا۔ وقت کے ساتھ ساتھ یہ اپنی مہارت کو خوب سے خوب تر بناتا گیا، یہاں تک کہ آج اس نے دوسری مرتبہ گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے۔ اب مقبل کا ارادہ ہے کہ مزید کوشش کرتے ہوئے اپنا یہی ریکارڈ جلد توڑ ڈالے۔