بغداد: عراقی نوجوان ابراہیم صادق نے اپنے ایک ہاتھ کے پچھلے حصے پر 18 انڈے رکھ کر اور ان کا توازن قائم کرکے برطانوی شہری کا عالمی ریکارڈ برابر کردیا۔
غیرملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ابراہیم نے ایک ہاتھ کی ہتھیلی کے بجائے پشت پر بیک وقت 18 انڈوں کو رکھ کر بیلنس قائم کرکے گینز بگ آف ورلڈ ریکارڈ میں درج ریکارڈ برابر کیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ عراقی نوجوان نے برطانوی شہری جیک ہیرس کا ریکارڈ برابر کیا، انہوں نے 2020 میں ہاتھ کے پچھلے حصے پر اٹھارہ انڈے رکھ کر ان کا توازن قائم کیا تھا۔
اس طرح انڈوں کو بیلنس کرنے کا عالمی ریکارڈ دو باصلاحیت افراد کے پاس آگیا۔ ابراہیم صادق جیک ہیرس کا ریکارڈ نہ توڑ سکے۔ نوجوان نے نئے عالمی ریکارڈ کا ٹائٹل حاصل کرنے کے لیے بڑی کوششیں کیں، وہ یوٹیوب پر توازن برقرار رکھنے کی ویڈیوز دیکھ کر مشق کرتے تھے، وہ اپنے مشن کی تکمیل تو نہ کرسکے تاہم ریکارڈ برابر کرنے میں کامیاب ہوئے۔
ابراہیم صادق نے پچھلا ریکارڈ توڑنے کی بھرپور کوشش کی لیکن ناکام رہے، انہیں جیک ہیرس کا ریکارڈ توڑنے کے لیے 19 انڈوں کو بیلنس کرنا تھا۔ خیال رہے کہ نیا عالمی ریکارڈ بنانے کے لیے 19 انڈوں کا 5 سیکنڈ تک بغیر کسی سپورٹ کے ایک ہاتھ کے پچھلے حصے پر توازن قائم کرنا پڑے گا۔