خنزیر کا دل ٹرانسپلانٹ کرانے والا دنیا کا واحد شخص کامیاب آپریشن کے دو ماہ بعد چل بسا۔
اطلاعات کے مطابق امریکی ریاست میری لینڈ سے تعلق رکھنے والے 57 سالہ ڈیوڈ بینیٹ کو 12 جنوری 2022 کو کامیاب آپریشن میں خنزیر کا جینیاتی طور پر تیار کردہ دل لگایا گیا تھا جس کے بعد وہ بہتر محسوس کر رہے تھے۔
ڈیوڈ کی موت کی وجہ فی الحال سامنے نہیں آئی ہے تاہم ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند دنوں میں ان کی طبیعت میں بگاڑ شروع ہوا۔
ڈیوڈ بینیٹ دنیا کے پہلے شخص تھے جن پر خنزیر کا دل لگانے کاکامیاب تجربہ کیا گیا تھا۔ اس مقصد کے لیے سائنسدانوں نے خنزیر کے دل کو جینیاتی طور پر اس طرح تبدیل کیا تھا کہ وہ انسانی جسم میں جانے کے بعد قابل قبول ہو۔
خیال رہے کہ ڈیوڈ کا آپریشن کرنے والی ٹیم میں پاکستانی نژاد ڈاکٹر منصور محی الدین بھی شامل تھے۔