پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف جوڑی احد رضا میر اور سجل علی کی طلاق کی خبروں کا سُن کر ایک خاتون مداح صدمے سے چل بسیں۔ یہ دعویٰ انسٹاگرام پر موجود سجل علی اور احد رضا میر کے فین پیج forever.sahad کی جانب سے کیا گیا ہے۔ فین پیج کی جانب سے شیئر کی گئی پوسٹ میں بتایا گیا ہے کہ سجل اور احد کی مداح 'سارہ' کا انتقال ہوگیا ہے، یہ جوڑی اس کے جینے کی آخری امید اور خوشی کی وجہ تھی۔
پوسٹ کے مطابق سارہ سجل اور احد کی طلاق کی خبروں کا سن کر یہ صدمہ برداشت نہیں کر سکیں، پوسٹ میں ایڈمن نے یہ بھی درج کیا کہ میں ہمیشہ اسی شرمندگی کے ساتھ جیتی رہوں گی کہ سارہ کا پیغام سجل اور احد کو نہیں پہنچا سکی۔
تاہم پوسٹ میں اس پیغام کا تذکرہ نہیں کیا گیا۔ فین پیج نے سوشل میڈیا صارفین سے درخواست بھی کی کہ برائے مہربانی سجل اور احد کے انسٹاگرام اکاؤنٹس کو ٹیگ کرکے ان تک یہ پوسٹ پہنچائیں۔ پوسٹ کے کیپشن میں لکھا گیا کہ 'مجھے یقین نہیں آرہا کہ میری دوست دنیا سے جاچکی ہے، میرے ہاتھ کپکپانے لگے جب اس کے اہلخانہ نے مجھے اس کی موت کی خبر دی۔ '
یہاں یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ سجل علی نے بذاتِ خود اپنے اکاؤنٹ سے اس فین پیج کو فولو کیا ہوا ہے۔ واضح رہے کہ حال ہی میں معروف خاتون صحافی آمنہ عیسانی نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ دونوں اداکاروں کے درمیان شادی ختم ہوگئی ہے اور ان کی طلاق ہوچکی ہے۔