کراچی: معروف بولی ووڈ اور لولی ووڈ اداکارہ سارہ لورین کا کہنا ہے انہیں محسوس ہوتا ہے کہ بچپن میں پڑھی جانے والی نمازیں آپ کو جوانی کی مصیبتوں سے بچاتی ہیں۔
سارہ لورین حال ہی میں اداکار نعمان اعجاز کے شو ’’جی سرکار‘‘ میں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے اپنی نئی فلم ’’عشرت میڈ ان چائنا‘‘ اور بولی ووڈ میں کام کرنے کے تجربے کے بارے میں بات کی۔
سارہ لورین نے حال ہی میں اداکار محب مرزا، صنم سعید اور ایچ ایس وائے کے ساتھ پاکستانی فلم ’’عشرت میڈ ان چائنا‘‘ میں کام کیا ہے۔
سارہ نے فلم میں کام کرنے کے اپنے تجربے کے بارے میں کہا کہ انہوں نے فلم میں ایک چائنیز خاتون کا کردار ادا کیا ہے اور اس کردار کو کرکے انہیں بے حد مزہ آیا، کیونکہ انہیں لگا کہ اس فلم میں کام کرکے انہوں نے کچھ الگ کیا ہے۔
شو کے دوران ایک موقع پر سارہ لورین اپنے والد کے بارے میں بات کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئیں اور بتایا کہ میں نے بہت چھوٹی عمر میں اپنے والد کو کھودیا تھا۔
سارہ نے کہا میں چھوٹی تھی اور بچپن سے اعتکاف میں بیٹھ جاتی تھی تو مجھے لگتا ہے کہ کبھی کبھی بچپن میں پڑھی جانے والی نمازیں جوانی کی مصیبتوں سے آپ کو بچاتی ہیں۔
سارہ لورین نے کہا کہ پاکستانی اسٹارز میں نخرے بہت ہیں جب کہ انہیں بناوٹی لوگ پسند نہیں بلکہ وہ لوگ اچھے لگتے ہیں جو سچے ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ فٹ رہنے کے لیے یوگا کرتی ہیں۔