لاہور: سیاسی صورتِ حال میں ایک شہری نے پاکستان کا وزیر اعظم بننے کے لیے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا ہے۔
لاہور ہائی کورٹ میں شہری نے درخواست جمع کرائی ہے جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے آئین 1973 کی خلاف ورزی کی ہے لٰہذا اب وہ وزیر اعظم بننے کے اہل نہیں رہے۔
درخواست میں کہا گیا کہ درخواست گزار ملک کا شہری ہے اور قانون کی بالادستی پر یقین رکھتا ہے۔
درخواست میں اس خواہش کا اظہار بھی کیا گیا ہے کہ شہریوں کی فلاح و بہبود کے لیے پاکستان کا وزیر اعظم بننا چاہتا ہوں، اس لیے ملک کے مفاد میں درخواست گزار کو وزیر اعظم بنانے کا حکم دیا جائے۔
خیال رہے کہ 3 اپریل کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وزیر اعظم عمران خان کی تجویز پر قومی اسمبلی تحلیل کر دی تھی جب کہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے وزیر اعظم عمران خان کے خلاف پیش کی گئی تحریک عدم اعتماد کو بیرونی سازش قرار دے کر مسترد کر دیا تھا۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پیر کے روز کہا تھا کہ عمران خان نگراں وزیر اعظم کے تقرر تک اپنے عہدے پر کام کرتے رہیں گے۔ اس سے قبل اتوار کی رات وفاقی کابینہ ڈویژن نے ایک نوٹی فکیشن کے ذریعہ عمران خان کی بحیثیت وزیر اعظم معطلی کا اعلان کیا تھا۔