عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کی شادی کل، تصدیق ہوگئی

بالی وڈ کی معروف جوڑی عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کی شادی کی خبریں ان دنوں میڈیا پر گردش کررہی ہیں اور کہا جارہا ہے کہ یہ جوڑا جلد شادی کے بندھن میں بندھ جائے گا۔

تاہم اب رنبیر کپور کی والدہ نیتو سنگھ اور بہن ردھیما کپور نے رنبیر اور عالیہ کی شادی کی حتمی تاریخ بتادی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق  بدھ کے روز  نیتو اور ردھیما  رنبیر  اور عالیہ کی مبینہ مہندی کی تقریب میں شرکت کے بعد شادی سے قبل ہونے والی ایک نجی تقریب کیلئے پہنچی، اس دوران وہاں موجود فوٹو گرافرز نے دونوں سے درخواست کی کہ دونوں اداکاروں کی شادی کے حوالے سے تفصیلات بتائیں۔

تاہم پہلے تو نیتو سنگھ اور ردھیما نے فوٹوگرافرز کو یہ کہا کہ ہم بہت تھک گئے ہیں ہم کل اس بارے میں آپ کو بتائیں گے  لیکن پھر فوراً ہی دونوں کی جانب سے بتایا گیا کہ عالیہ اور رنبیر کی شادی کل ( جمعرات) 14 اپریل کو ہوگی۔

اس کے علاوہ دونوں نے عالیہ بھٹ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ بیسٹ اور بہت پیاری ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کے گھر کے اسٹاف کے موبائل کیمروں کو لال رنگ کی ٹیپ سے سیل کردیا گیا تھا۔

بھارتی ویب سائٹ پنک ولا نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ویڈیو پوسٹ کی  جس میں دیکھا گیا کہ کچھ سکیورٹی گارڈز اسٹاف کے موبائل کیمروں پر سرخ رنگ کی ٹیپ لگارہے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق عالیہ اور رنبیر اپنی شادی کی تصاویر خود جاری کرنا چاہتے ہیں، اسی لیے دونوں کے گھر والوں نے یہ قدم اٹھایا۔