بالی وڈ کی مقبول جوڑی عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے، شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اداکار رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ نے سات پھیرے لے لیے، رنبیر اور عالیہ نے اس پرمسرت دن کے موقع پر گولڈن رنگ کے لباس کا انتخاب کیا۔
دونوں اداکار کی آپس میں شادی روایتی پنجابی انداز میں ہوئی جہاں انہوں نے اپنے اہلخانہ اور قریبی دوست احباب کے سامنے پھیرے لیے، اس شادی میں تھیم گولڈ اور وائٹ رکھی گئی تھی اور تقریباً تمام مہمانوں نے ان ہی رنگوں کے زیب تن کیے۔
شادی کی تقریب جوڑے کے واستو گھر باندرہ میں منعقد ہوئی، شادی میں صرف 40 سے 45 افراد کو مدعو کیا گیا ہے جن میں فیملیزکے علاوہ فلمساز کرن جوہراوررنبیر کے انتہائی قریبی دوست ہدایتکار آیان مکھرجی سمیت دیگرشامل ہیں۔
واضح رہے کہ عالیہ بھٹ اور رنبیرکی جانب سے اپنی شادی کی کسی قسم کی تفصیلات فراہم نہ کیے جانے پر اس شادی کے بارے میں کئی دنوں سے مختلف قسم کی قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں۔
ایچ ٹی سٹی نے اطلاع دی ہے کہ دونوں اس مہینے کی 16 تاریخ کو بالی ووڈ میں اپنے دوستوں کے لیے ایک پارٹی کی میزبانی کریں گے۔ ایک اور رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عالیہ اوررنبیر 17 اپریل کو تاج محل پیلس میں ایک شاندار استقبالیہ کی میزبانی کریں گے۔
انڈیا ٹوڈے کے مطابق شادی کے بعد عالیہ بھٹ امریکا روانہ ہوجائیں گی جہاں وہ ہالی ووڈ میں اپنی پہلی فلم ہارٹ آف سٹون کی شوٹنگ کا آغازکریں گی، دوسری جانب رنبیربھی رشمیکا منڈنا کے ساتھ سندیپ ریڈی وانگا کی فلم شوٹ کروائیں گے۔
شادی کے بعد رنبیراور عالیہ کی پہلی فلم ‘برہمسترا’ ہوگی جسےآیان مکھرجی نے ڈائریکٹ کیا ہے، فلم کی شوٹنگ مکمل کی جاچکی ہے اور اسے 9 ستمبر 2022 کو ریلیز کیا جائے گا۔