پاکستان تحریک انصاف کے کراچی میں ہونے والے جلسے سے مشہورِ زمانہ پاکستانی رپورٹر چاند نواب کی ایک دلچسپ ویڈیو سوشل میڈیا پر زیرِ گردش ہے۔
باغ جناح میں پی ٹی آئی کے جلسے کی کوریج کےلیے جہاں متعدد رپورٹرز موجود تھے وہیں صحافی چاند نواب بھی اپنے فرائض انجام دینے پہنچے اور ہمیشہ کی طرح اپنے مخصوص انداز سے لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گئے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے چاند نواب جلسے میں آئے شرکاء کو پکڑ پکڑ کر کیمرے کے آگے سے ہٹا رہے ہیں اور رپورٹنگ کرنا چاہ رہے ہیں لیکن ارد گرد کے افراد جان بوجھ کرشرارت کررہے ہیں اور کیمرے کے سامنے آرہے ہیں۔
اس دوران چاند نواب غصے سے انہیں دور ہٹا رہے ہیں تاہم ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین اس سے خوب محظوظ ہوئے۔
ویڈیو کے عقب سے پی ٹی آئی کارکنان کی آوازیں بھی سنی جاسکتی ہے جو کہہ رہے ہیں کہ اب جب جلسہ ختم ہوگیا اور لوگ چلے گئے آپ تب ویڈیو بنارہے ہیں۔
واضح رہے کہ سب سے پہلے چاند نواب کی کراچی ریلوے اسٹیشن پر رپورٹنگ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس کی نقل بھارتی اداکار نواز الدین صدیقی نے فلم ’بجرنگی بھائی جان‘ میں کی۔
اس ویڈیو میں چاند نواب عید پر کراچی سے ملک کے دیگر علاقوں میں جانے والوں پر ایک رپورٹ بنارہے تھے۔