پاکستانی سینئر اداکارہ و میزبان صاحبہ افضل کا کہنا ہے کہ میں اللّٰہ کا شکر ادا کرتی ہوں کہ اُس نے مجھے اس دور میں بیٹی نہیں دی ہے۔
پاکستانی معروف فنکار جوڑی صاحبہ افضل اور افضل خان، المعروف ریمبو کی جانب سے گزشتہ دنوں اپنے دونوں بیٹوں کے ہمراہ ایک ٹاک شو میں شرکت کی ۔
سوال جوابوں کے دوران صاحبہ افضل کا کہنا تھا کہ ’اُنہیں بیٹوں کا بہت شوق تھا اور اللّٰہ نے انہیں بیٹوں ہی سے نوازا ہے، وہ بہت خوش ہیں کہ اللّٰہ نے اُنہیں اس زمانے میں بیٹی نہیں دی، اُنہیں بیٹی کی خواہش بھی نہیں تھی۔‘
صاحبہ افضل کا اپنے اس بیان کو تفصیل سے بتاتے ہوئے کہنا تھا کہ ’بیٹیوں کے اوپر دباؤ بہت زیادہ ہوتے ہیں، زندگی بھر وہ اپنی مرضی سے کچھ کر ہی نہیں سکتی ہیں، لڑکیوں کی اپنی کوئی زندگی نہیں ہوتی ہے۔‘
صاحبہ کو اس بات پر ٹوکتے ہوئے اُن کے شوہر، ریمبو کا کہنا تھا کہ ’ یہ کیا بات ہوئی، تم پر کیا دباؤ ہے یا تہماری کونسی خواہش پوری نہیں ہوئی، تم نے اپنی مرضی سے شادی نہیں کی، کیا تم اپنی مرضی سے نہیں رہ رہیں۔‘
اس پر صاحبہ کا اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے کہنا تھا کہ ’اپنی مرضی سے جینے کے لیے لڑکیوں کو بہت محنت اور جد و جہد کرنی پڑتی ہے، اُن کے خیال میں لڑکوں کی زندگی آسان ہوتی ہے وہ سب کچھ اپنی مرضی سے آسانی سے کر سکتے ہیں۔‘
صاحبہ افضل کا مزید کہنا تھا کہ ’ اُن کا دل چاہتا ہے کہ وہ لڑکا ہوتیں اور اپنی مرضی سے جیتیں۔‘