اکشے کمار کی گٹکے کے اشتہار میں انٹری، سوشل میڈیا صارفین بھڑک اٹھے

ممبئی: نشہ آور اشیاء سے دوری اختیار کرنے والے بالی ووڈ اداکار اکشے کمار کی گٹکے کے اشتہار میں انٹری پر سوشل میڈیا صارفین بھڑک اٹھے۔

گزشتہ دنوں بالی ووڈ کے عالمی شہرت یافتہ اداکار اکشے کمار، اجے دیوگن اور شاہ رخ خان نے ایک گٹکے کے اشتہار میں کام کیا جس کی ویڈیو ریلیز ہوتے ہی ناقدین نے اکشے کمار کو آڑے ہاتھوں لےلیا۔

سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اکشے کمار کو تنقید کا نشانہ اس لیے بنایا جارہا ہے کیوں کہ وہ سگریٹ، شراب اور منشیات سے دور رہتے ہیں۔

اکشے کمار بالی ووڈ کے واحد اداکار ہیں جو صبح 4 بجے اٹھتے ہیں 5 بجے شوٹنگ کیلئے سیٹ پر پہنچ جاتے ہیں۔

سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ اکشے کمار کا جملہ ہے کہ ’ایک سگریٹ کے پیسوں سے تم دو زندگیاں خرید سکتے ہو‘ اور وہ خود گٹکے کے اشتہار میں کام کررہے ہیں۔

بالی ووڈ اداکار نے 2018 میں کہا تھا کہ مجھے گٹکا کمپنیز سے متعدد مرتبہ بھاری معاوضے کے عوض پیشکش ہوئی اشتہار میں کام کرنے کی مگر میں غلط کام نہیں کروں گا۔

شوبم سونی نامی صارف نے اکشے کمار کی مزاحیہ تصویر شیئر کی جس پر لکھا ہوا تھا کہ ’ہیرو گیری پھو پھو کرنے میں نہیں تھو تھو کرنے میں ہے‘ اور ساتھ ہی کیپشن دیا کہ ’آپ ہمارے لیے آئیڈئل تھے لیکن آپ بھی منافق نکلے‘۔

ایک اور صارف نے کہا کہ ’یہ بالی ووڈ والوں کے پاس اب کام نہیں ہے کیا، اب یہ ومل اور تمباکو جیسے اشتہار میں ہی دکھیں گے کیوں کہ ماسٹر پیس فلمیں تو اب ساؤتھ والے بنارہے ہیں‘۔