امریکی یوٹیوبر نے ویوز کے چکر میں اپنا جہاز تباہ کردیا

آج کے ڈیجیٹل دور میں فالورز اور ویوز کی جنگ جاری ہے جہاں سوشل میڈیا صارفین اس جنگ میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے ہر حد سے گزرجانے کو تیار ہیں۔

رپورٹس کے مطابق ایک ایسا واقعہ نومبر میں پیش آیا تھا جہاں امریکی یوٹیوبر'ٹریور جیکب' نے زیادہ ویوز حاصل کرنے کیلئے اپنے چھوٹے پروپیلر ہوائی جہاز کو کیلیفورنیا کے لاس پیڈریس نیشنل جنگل کے پہاڑوں میں گراکر تباہ کر دیا تھا۔

اطلاعات کے مطابق جس وقت جہاز کے پروپیلر نے کام کرنا بند کیا اسی وقت جیکب نے  پیرا شوٹ کے ذریعے بحفاظت لینڈنگ کرنے کی ویڈیو بنائی تھی۔

تاہم 3 ہفتوں بعد ٹریور جیکب نے 'I Crashed My Plane' کے عنوان سے  یوٹیوب  پر ایک ویڈیو شائع کی، جو تیزی سے وائرل ہو گئی اور اسے 20 لاکھ سے زیادہ لوگوں نے دیکھا۔

البتہ اب امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) نے جیکب پر یوٹیوب ویوز کی خاطر جان بوجھ کر اپنے طیارے کو کریش کرنے کا الزام لگایا۔

جیکب کے متنازع جہاز کے حادثے کی تحقیقات کے بعد ایف اے اے نے طے کیا کہ پائلٹ  پروپیلر بند ہونے کے بعد انجن کو دوبارہ شروع کرنے کی کوشش کیے  یا ائیرپورٹ کے کنٹرول کو فون کر کے انہیں اپنی پریشانی سے آگاہ کیے بغیر ہی پیراشوٹ کے ذریعے جہاز سے باہر نکلا۔

رپورٹس کے مطابق ایف اے اے نے یہ بھی نوٹ کیا کہ جیکب نے ٹیک آف سے پہلے طیارے کے بیرونی حصے میں متعدد کیمرے  لگائے تھے تا کہ وہ اس سب واقعے کو فلما سکیں۔

تاہم تحقیقات مکمل ہونے کے بعد فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے ٹریور جیکب کا پائلٹ لائسنس منسوخ کر دیا اور اس پر ایک سال کے لیے دوبارہ درخواست دینے پر پابندی لگا دی۔