منشا پاشا نے والد کی یاد میں مسجد تعمیر کروادی

پاکستانی اداکارہ منشا پاشا نے بہنوں کے ساتھ مل کر اپنے والد ڈاکٹر طارق پاشا میمن کی یاد میں مسجد تعمیر کروائی ہے۔

انسٹاگرام پر مسجد کی تصویر شیئر کرتے ہوئے اداکارہ نے مداحوں کو اس خوبصورت عمل کی اطلاع دی اور ایک پوسٹ شیئر کی۔

شیئر کی گئی تصویر میں ’ مسجد طارق‘ کے نام سے تعمیر کروائی گئی خوبصورت مسجد کو دیکھا جاسکتا ہے، ایک تصویر  مسجد میں محمد طارق پاشا کی یاد میں لگائی گئی تختی کی ہے  جس میں منشا پاشا اور ان کی بہنوں کے نام درج ہیں۔

اداکارہ  نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’رمضان کے مقدس مہینے میں ہم کراچی سے 4 گھنٹے کی دوری پر ایک مسجد کی تعمیر مکمل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں مسجد کی تعمیر کرنے والے مزدوروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ ہم   بطور خاندان خاص طور  پر ان تمام مزدوروں  کے مشکور  ہیں جنہوں نے اس کام کا بیڑا اٹھایا اور اس مبارک مہینے میں اسے مکمل کرنے میں کامیاب ہوئے، آپ کے تعاون، دعاؤں اور مہربان جملوں کے لیے آپ سب کا شکریہ۔

 منشا پاشا نے یہ بھی لکھا کہ ہم ہمیشہ اللہ کے شکر گزار  ہوں گے کہ اس نے ہمیں اس کام کو انجام دینے کا موقع اور اسباب عطا کیا۔

اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں مداحوں سے والد کے لیے دعاؤں کی درخواست کرتے ہوئے لکھا کہ برائے مہربانی میرے والد کے لیے دعا کریں کہ اللہ انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔